رسائی کے لنکس

سست رفتاری سے اوور کرانے پر انگلش ٹیم پر بھی جرمانہ


سست رفتاری سے اوور کرانے پر انگلش ٹیم پر بھی جرمانہ
سست رفتاری سے اوور کرانے پر انگلش ٹیم پر بھی جرمانہ

بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ میں سست رفتاری سے اوور کرانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی شہر بنگلور میں ہونے والا یہ میچ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا تھا۔ عالمی کپ کی تاریخ کا یہ چوتھا ٹائی میچ تھا۔

پیر کوآئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا تھا جس پر میچ ریفری روشن ماہانامہ نے انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس پر میچ فیس کا 20 فی صد جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر 10 فی صد جرمانہ عائد کیا ہے۔

اس سے قبل ہفتے کو ہونے والے گروپ "اے" کے میچ میں پاکستانی ٹیم پر بھی سری لنکا کے خلاف سست رفتاری سے اوور کرانے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ گیارہ رنز سے جیت لیا تھا۔

دریں اثناء آئی سی سی کے بیان میں انگلش کھلاڑی ٹم بریسنن کو بھارتی بالر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد غصے کا اظہار کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں آئندہ اس طرح کی حرکت سے باز رہنے کا کہا گیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بریسنن نے49ویں اوور میں بھارتی بالر پیوش چاوٴلہ کی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد غصے کے عالم میں اپنا بلا وکٹوں پر دے مارا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بریسنن نے اپنی غلطی کا ادراک کرتے ہوئے ازخود ایمپائرز کے سامنے پیش ہوکر اپنے عمل کی معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے ایسا دانستہ طور پر نہیں کیا تھا۔

بیان میں میچ ریفری نے کہا کہ چونکہ یہ بریسنن کی پہلی غلطی تھی اور انہوں نے خود اس کا ادراک کرتے ہوئے معذرت طلب کی لہٰذا ان پرجرمانہ عائد نہیں کیا جارہا تاہم بیان میں کھلاڑیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس طرح کی حرکات سے باز رہتے ہوئے 'کوڈ آف کنڈکٹ' کی پابندی کریں۔

بریسنن کی اس حرکت پر میچ ریفری کی جانب سے ان پر ان کی میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فی صد تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا تھا۔

XS
SM
MD
LG