رسائی کے لنکس

پاکستان نے بھارت کے خلاف سیریز دو، صفر سے جیت لی


سعید اجمل (فائل فوٹو)
سعید اجمل (فائل فوٹو)

پاکستان کی طرف سے 251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 48 اوورز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت کو 85 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو، صفر سے جیت لی۔

جمعرات کو کولکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اسے فتح کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 48 اوورز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی طرف سے کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ صرف کپتان مہندرا سنگھ دھونی 54 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل اور جنید خان نے تین، تین ، عمر گل نے دو جب کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 141 رنز کا ایک اچھا اور پراعتماد آغاز فراہم کیا۔

حفیظ دس چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ناصر جمشید نے دو چھکوں اور 12 چوکوں کے ساتھ حالیہ سیریز میں اپنی مسلسل دوسری سینچری مکمل کی۔ انھوں نے 106 رنز بنائے۔ پہلے ایک روزہ میچ میں وہ 101 رنز بنا سکے تھے۔

پاکستان کی طرف سے باقی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اظہر علی دو، یونس خان دس، کپتان مصباح الحق دو، شعیب ملک 24، کامران اکمل صفر، عمر گل 17، سعید اجمل سات جب کہ محمد عرفان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی طرف سے ایشانت شرما اور رویندر جدیجہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ کمار، ایشون اور رائینا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

ناصر جمشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ ان کے باؤلروں نے مخالف بلے بازوں کو خاصی حد تک دباؤ میں رکھا لیکن ان کی اپنی بیٹنگ لائن کارکردگی نہ دکھا سکی۔

فاتح کپتان مصباح الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ابتدائی بلے بازوں کے اچھے آغاز اور پھر باؤلروں کی کارکردگی نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

’’ناصر جمشید زبردست فارم میں ہے اور میرا خیال ہے کہ اب وہ تجربہ کار ہوتا جارہا ہے۔ مجھے اس کے بیٹنگ کے طریقہ کار سے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔‘‘

پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد کرکٹ روابط کی بحالی پر پاکستانی ٹیم ان دنوں بھارت کے دورے پر ہے جہاں دو ٹوئنٹی میچوں کی سیریز تو ایک، ایک سے برابر رہی لیکن تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے دو، صفر سے برتری حاصل کی۔

پاکستان کی فتح پر ملک بھر کرکٹ شائقین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا ہے جب کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سیریز میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا کے بڑے کرکٹ اسٹیڈیمز میں شمار ہونے والے ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم کولکتہ میں پاکستانی ٹیم کوئی میچ نہیں ہاری ہے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ چھ جنوری کو فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG