رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 16 رنز سے ہرادیا


تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 16 رنز سے ہرادیا
تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 16 رنز سے ہرادیا

ویسٹ انڈیز نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارت کو 16 رنز سے شکست دیدی ہے۔

پیر کو ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو جیت کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پوری میزبان ٹیم 244 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ سیموئیل 58 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

بھارت کی طرف سے ونے کمار نے 2، متھن، یاددو اور ایشون نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

جواباً بھارت نے 261 رنزکے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

اکیسیوں اوور کے اختتام پر 105 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔اس موقع پر روہیت شرما اور روی چندرن ایشون نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے بھارت کی پوزیشن مستحکم بنائی۔

تاہم 40 ویں اوور میں ایشون کے ایل بی ڈبلیو ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا اور پوری ٹیم 5ء46 اوورز میں 244 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ شرما 95 رنز کے ساتھ بھارت کے ٹاپ اسکورر رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال نے 57 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سنیل نارائن نے 2 جب کہ کیمر روچ اور مارلن سیموئلز نے 1، 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

میزبان ٹیم کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ جمعرات کو اندور میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG