رسائی کے لنکس

کرکٹ کا جنون: بہت سے مسائل سرنگوں، ہر طرف سحر طاری


کرکٹ کا جنون: بہت سے مسائل سرنگوں، ہر طرف سحر طاری
کرکٹ کا جنون: بہت سے مسائل سرنگوں، ہر طرف سحر طاری

پاکستان میں دہشت گردی، لاقانونیت، بے روزگاری، غربت، افلاس، لوڈ شیڈنگ، بدعنوانی، لسانیت اور علاقائیت سمیت لاتعداد مسائل کرکٹ کی جنون کے سامنے دم توڑ گئے ہیں یا پھر سرنگوں ہیں۔ اگرچہ ورلڈ کپ کی چمک اب چند دنوں کی ہی بات ہے مگر کچھ گھنٹوں کے لئے ہی سہی بہت سے خوش کن پہلو اجاگر ہوگئے ہیں۔ جیسے جیسے سیمی فائنل کا وقت قریب آتا جارہا ہے قوم کے دل کی دھڑکنیں اور پاک ٹیم کی فتح کیلئے دعاؤں کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے۔جیسے سب یکجان ہیں، متحد ہیں، سب کی خواہشات ایک ہیں۔

سیاست کے ایوان ہوں یاجیلوں میں بند قیدی، مساجد، مدرسے ہوں یا مندر، ٹی وی پر سیاسی بحث کرنے والی شخصیات ہوں یا طالب علم، سفر جہاز میں ہو یا بس کا، فائیو اسٹار ہوٹل ہوں یا جھونپڑا ہوٹل، واہگہ بارڈر ہو یا کراچی کا ساحل، بازاروں کی رونق ہو یا کسی گاؤں کی تنہائی۔۔ ہر طرف ماحول کوپاک بھارت میچ نے اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے ۔

اگر چہ ماہرین اوربااثر لوگ قوم سے کرکٹ کو کھیل سمجھنے کی تلقین کرتے نظر آرہے ہیں تاہم محسوس ہو رہا ہے کہ بات بہت آگے بڑھ چکی ہے اور قوم ہر صورت گرین شرٹس کو فتحیاب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ دونوں ممالک کے سیاستدان بھی ان جذبات میں بہتے نظر آتے ہیں۔ حکومت وقت نے عوامی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر کے سرکاری اداروں میں آدھے دن جبکہ سندھ حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جبکہ بجلی فراہم کرنے والے اداروں نے بھی کل لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں نے کل کے معرکے کو دیکھنے کے بھر پو رانتظامات کئے ہیں۔ شہر بھر میں بڑی بڑی اسکرینز نصب کی جارہی ہیں اورجہاں کہیں یہ انتظام نہیں تھا وہاں بھی کرکٹ کے متوالوں نے دکانداروں سے چند ہ اکھٹا کر کے اخراجا ت پورے کرلئے ہیں۔ اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہنگامی آپریشنز کے علاوہ تمام آپریشنز ملتوی کر دیئے ہیں۔ سینما گھروں میں بھی فلمی شو منسوخ کر دئیے گئے ہیں ۔بعض دیوانوں نے تو جیت کا جشن منانے کے لئے آتش بازی کا سامان بھی خرید لیا۔ حلوائیوں نے بھی معمول سے زیادہ مٹھائیاں تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب قومی پرچم، گرین شرٹس اور پرچم کے رنگ کے لیڈیز کپڑوں کی خریدو فروخت میں بھی بے پناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ایک خبر کے مطابق گرین شرٹس تو مارکیٹ سے ناپید ہوگئی ہیں۔ بدھ کے روز ہونے والی بہت سی تقریبات بھی ملتوی کر دی گئی ہیں ۔

پاک بھارت سیمی فائنل کے ملکی اور غیر ملکی سیاست پر گہرے اثرات بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ بھارتی وزیر منموہن سنگھ کی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سیمی فائنل دیکھنے کی دعوت کے بعد سیاستدان بھی متحرک نظر آ رہے ہیں۔ ایک جانب تو پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کی باتیں کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب پاکستان کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کو روٹھی ہوئی جماعتوں کو منانے کا موقع بھی مل گیاہے۔ وزیر اعظم جہاں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو دورہ بھارت سے متعلق اعتماد میں لے رہے ہیں وہیں انہیں اپنے ہمراہ بھارت میں میچ دیکھنے کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔

سیاستدان بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی ہمدریاں حاصل کرنے کیلئے مختلف طریقوں سے کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ کے رہنما شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل جیتا تو کھلاڑیوں کو ایک، ایک مربع اراضی بطور انعام دی جائے گی جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پورے ملک میں چھٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ رحمن ملک ایسی صورت حال میں کیسے چپ رہ سکتے تھے، لہذا وہ شاہ فیصل مسجد اسلام آباد پہنچ گئے اور دو رکعت نوافل اداکر کے ٹیم کیلئے اللہ تعالی سے دعا مانگی ۔

مساجد میں خصوصی دعاوٴں کے لئے کہا گیا ہے۔ پاکستان کے ایک ٹی وی چینل پر تو باقاعدہ سابق وزیر مذہبی امور عامر لیاقت حسین نے رقت آمیز دعا بھی کرائی جبکہ جمعہ کی نماز میں بھی بیشتر مساجد میں پاکستان کی فتح کے لئے دعائیں کی گئیں۔

XS
SM
MD
LG