رسائی کے لنکس

انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کو تبدیل کرنے کا مشورہ


قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سٹے باز ی میں ملوث ہونے کی خبروں پر نالاں کرکٹ کے شائقین نے لاہور میں ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں گدھوں کو جوتوں اور ٹماٹروں سے مار کر مظاہرین نے اپنے غصے کا اظہار کیا ۔ جلوس میں لائے گئے گدھوں کے ماتھوں پر ان پاکستانی کھلاڑیوں کے نام چسپاں کیے گئے تھے جو مبینہ طور پر اس اسکینڈل کے مرکزی کردار ہیں۔

پاکستان کے بعض کھلاڑیوں کے خلاف سٹے بازی کے الزامات سامنے آنے کے بعد سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹونٹی ٹونٹی اور پانچ ایک روزہ میچوں کے لیے ایک نئی ٹیم کا اعلان کیا جائے۔

محمد عامر پر الزام ہے کہ انھوں نے پیسوں کے عوض دانستہ طور پر نو بالیں کرائیں
محمد عامر پر الزام ہے کہ انھوں نے پیسوں کے عوض دانستہ طور پر نو بالیں کرائیں

پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کو برطانیہ کا دورہ جاری رکھنا چاہیے لیکن موجودہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو تبدیل کردیا جائے کیونکہ دباؤ کی وجہ سے باقی کھیلے جانے والے میچوں میں انھیں بہت مشکل پیش آئی گی۔

جاوید میانداد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نئی ٹیم کی کوچنگ کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ اگر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف لگائے گئے الزامات سچ ثابت ہوتے ہیں تو پھر انھیں ایسی مثالی سزائیں دی جائیں جس سے آنے والی نسلو ں کو یہ پیغام ملے کہ جرم کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ”لیکن اگر معاشرے کو یہ پیغام جاتا ہے کہ جرم سے فائدہ ہوگا تو اس سے مزید جرائم جنم لیں گے۔ “

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے چیئر مین اقبال محمد علی کی سربراہی میں پیر کو اسلام آباد میں کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف لگائے گئے سٹے بازی کے الزامات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیئر مین نے بعد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ورنہ دوسری صورت میں کمیٹی کے ارکان مستعفی ہوجائیں گے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر یاور سعید کا کہنا ہے کہ کپتان سلمان بٹ، محمدعامر اور محمد آصف کے موبائل فون برطانوی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں اور ان تینوں کھلاڑیوں کے علاوہ کامران اکمل اور خود ان سے بھی پولیس نے پوچھ گچھ کی ہے۔

دریں اثنا قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سٹے باز ی میں ملوث ہونے کی خبروں پر نالاں کرکٹ کے شائقین نے لاہور میں ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں گدھوں کو جوتوں اور ٹماٹروں سے مار کر مظاہرین نے اپنے غصے کا اظہار کیا ۔ جلوس میں لائے گئے گدھوں کے ماتھوں پر ان پاکستانی کھلاڑیوں کے نام چسپاں کیے گئے تھے جو مبینہ طور پر اس اسکینڈل کے مرکزی کردار ہیں۔

جلوس میں شامل ایک نوجوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ”ہم پہلے ہی سیلاب اور دہشت گردی کی وجہ سے کئی مسائل کا شکار ہیں لیکن انھوں (کرکٹ ٹیم) نے ہماری خوشی کا ایک ذریعہ ہم سے چھین لیا ہے۔ “

انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کو تبدیل کرنے کا مشورہ
انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کو تبدیل کرنے کا مشورہ

ایک برطانوی اخبار نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے تیز رفتار باؤلر محمد عامر اور محمد آصف نے سٹے بازوں سے رقم لے کر لارڈز میں میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جان بوجھ کر نو بالیں کروائیں۔

اس انکشا ف کے بعد برطانوی پولیس نے اس اسکینڈل کے ایک مبینہ مرکزی کردار مظہر مجید کو گرفتار کیا لیکن بغیر کوئی الزام لگائے پیر کے روز اس مشتبہ شخص کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ اگر لارڈز کرکٹ ٹیسٹ میں کوئی کھلاڑی بھی سٹے بازی میں ملوث پایا گیا تو اُن کی تنظیم اُس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

ممبئی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی برطانوی پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔ ”مجھے پورا یقین ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے کرکٹ بورڈ اس طرح کے غلط کاموں میں ملوث کسی بھی شخص کی حوصلہ افزائی یا اُسے بچانے کی کبھی کوشش نہیں کریں گے۔“

شرد پوار کے بقول جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں وہ انتہائی سنجید نوعیت کے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بنیادی ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ کی بنتی ہے کہ وہ پاکستان کی ٹیم کو درپیش اس بحران کا تدارک کرے۔

اگر کسی کھلاڑی پر سٹے بازی کا جرم ثابت ہو جائے تو اُس پر تاحیات کرکٹ نہ کھیلنے کی پابندی لگ سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG