سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روز بین الاقومی میچوں کے لیے جمعرات کو اپنی الگ الگ ٹیموں کا اعلان کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میچ یکم اور تین جون کو جنوبی شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد پالیکلے اور کولمبو میں سات سے اٹھارہ جون تک ایک روز بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے سری لنکن ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جیون مینڈس ان تین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کی ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ دیگر دو کھلاڑیوں میں دلہارا فرنینڈو اور نوان پردیپ شامل ہیں۔
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے طرف سے جاری ہونے والے باضابطہ بیان میں کپتان کا نام کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم توقع ہے کہ مہیلا جے وردنے کی قیادت برقرار رہے گی۔
پاکستان پہلے ہی اپنی ٹیموں کا اعلان کرچکا ہے جس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے محمد حفیظ کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ مصباح الحق ایک روزہ اور ٹیسٹ میچوں کےلیے بدستور ٹیم کے کپتان رہیں گے۔