رسائی کے لنکس

دورہ ویسٹ انڈیز، احمد شہزاد اور کامران اکمل کی ٹیم میں واپسی


احمد شہزاد (فائل فوٹو)

جارحانہ بلے باز عمر اکمل کو دورہ ویسٹ انڈیز میں شامل نہیں کیا گیا ہے جس کہ وجہ انضام الحق کے بقول یہ تھی کہ وہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کو لاہور میں چیف سلیکٹر انضام الحق نے صحافیوں کو بتایا کہ بلے باز احمد شہزاد اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی ٹی ٹوئنی اور ون ڈے کے لیے قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

رواں ماہ ہی اختتام پذیر ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ای) کے دوسرے ایڈیشن میں ان دونوں کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ کامران اکمل اس ٹورنامنٹ میں ایک سینچری کے ساتھ سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والے کھلاڑی تھے جب کہ احمد شہزاد نے بھی دس میچوں میں تین نصف سینچریاں اسکور کی تھیں۔

جارحانہ بلے باز عمر اکمل کو دورہ ویسٹ انڈیز میں شامل نہیں کیا گیا ہے جس کہ وجہ انضام الحق کے بقول یہ تھی کہ وہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔

ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جس پر چیف سلیکٹر کہنا تھا کہ "اظہر اچھے کھلاڑی ہیں، لیکن ہم نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا چاہتے ہیں۔"

علاوہ ازیں اسپاٹ فکسنگ کے ارتکاب پر پانچ سال کی پابندی کے بعد گزشتہ برس ہی ٹیم کا حصہ بننے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی ٹی ٹوئنٹی کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن انھیں ون ڈے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پی ایس ایل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے فخر زمان اور شاداب خان کو بھی ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز 26 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستان کو چار ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور اور تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

ون ڈے اسکوڈ میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، آصف ذاکر، سرفراز احمد، عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان اور محمد اصغر شامل ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG