پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز سے قبل کھیلے گئے واحد تین روزہ پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 201 رنز سے شکست دے دی۔
کینز میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز ہفتہ کو مہمان ٹیم نے حریف کو جیت کے لیے 311 رنز کا ہدف دیا تھا جو صرف 109 رنز ہی بنا سکی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے ارجن نائر 42 رنز کے ساتھ اس دوسری اننگز کے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے اسپنر محمد نواز نے تین، محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو جب کہ وہاب ریاض اور اظہر علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس پریکٹس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس اننگز میں یونس خان 54 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے کیمرون ویلنٹ نے چار اور اسٹکیٹی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کرکٹ آسٹریلیا کی ٹیم پاکستانی باؤلروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 114 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
محمد عامر، راحت علی اور وہاب ریاض نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان نے 216 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیر کرتے ہوئے حریف کو میچ جیتنے کے لیے 311 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔
دوسری اننگز میں اظہر علی نے 82 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی۔
پاکستانی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورہ پر ہے جہاں اسے تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
سیریز کا آغاز 15 دسمبر کو برسبین میں ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔