رسائی کے لنکس

پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھارت کی حوصلہ افزائی کیوں کر رہا ہے؟


سرفراز احمد اور وراٹ کوہلی۔ فائل فوٹو
سرفراز احمد اور وراٹ کوہلی۔ فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز جیت کر پاکستان کیلئے ایک بڑی مدد کا باعث بن سکتا ہے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز جیتنے کیلئے پاکستان بھارت کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے کیونکہ بھارت کی جیت کے نتیجے میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔

اس وقت عالمی رینکنگ میں نیوزی لینڈ نمبر ایک اور پاکستان نمبر دو پوزیشن پر ہے۔ تاہم بھارت کی جیت کی صورت میں نیو زی لینڈ نمبر ایک پوزیشن کھو بیٹھے گا اور یہ مقام پاکستان کو حاصل ہو جائے گا۔ اس مقصد کے لیے بھارت کی 2-1 سے کامیابی بھی پاکستان کو یہ مقام دلا سکتی ہے۔

پاکستان کی حریف ویراٹ کوہلی کی بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بدھ کے روز سے شروع کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز جیت کر پاکستان کیلئے ایک بڑی مدد کا باعث بن سکتا ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ رینکنگ کی فہرست میں اس وقت نیوزی لینڈ 125پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ پاکستان صرف ایک پوئنٹ کم سے دوسری پوزیشن پر ہے۔ بھارتی ٹیم کے اس وقت 116 پوائنٹ ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہے۔

نیوزی لینڈ یہ سیریز 2-1 سے جیت کر اپنی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ یوں اُس کے پوائنٹ 126 ہو جائیں گے۔ تاہم اگر نیوزی لینڈ اس سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اُس کے پوائنٹس کی تعداد 132 تک پہنچ جائے گی۔ یوں پاکستان کیلئے نمبر ایک پوزیشن پر پہنچنا اسی صورت میں ممکن ہو گا اگر بھارت کسی بھی فرق سے یہ سیریز جیت جاتا ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز لاہور میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح کے ساتھ 3-0 کے فرق سے جیت لی اور یوں وہ پوائنٹس کے اعتبار سے نیوزی لینڈ کے بالکل قریب پہنچ گیا ہے۔ اب نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گا اور پاکستان کو نمبر ایک پوزیشن حاصل ہو جائے گی جبکہ نیوزی لینڈ کے پوائنٹس کم ہو کر 114 رہ جائیں گے اور یوں وہ پانچویں پوزیشن پر آ جائے گا۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کے روز نئی دہلی کی فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر کھیلے گا جبکہ دوسرا میچ 4 نومبر کو راجکوٹ اور تیسرا اور آخری میچ 7 نومبر کو تھیروواننتھاپورم کے نئے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان گزشتہ برس سابق کپتان مصبح الحق کی قیادت میں کچھ دیر کیلئے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک پر پہنچ گیا تھا لیکن جلد ہی یہ پوزیشن بھارت نے چھین لی جسے وہ اب تک برقرار رکھے ہوئے ہے۔سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز 2-0 سے ہارنے کے بعد اب پاکستان عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 7 پر ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں بھارت دوسرے اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG