رسائی کے لنکس

آئرلینڈ کے خلاف پاکستان کی دو وکٹوں سے فتح


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مہمان ٹیم نے 230 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور اس جیت میں کامران اکمل کے 81 شاندار رنز بھی شامل رہے۔

پاکستان نے ڈبلن میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آئرلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، صفر سے جیت لی۔

اتوار کو پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔

230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور محض 17 کے مجموعی اسکور پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور دونوں نے بالترتیب 24 اور 43 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 81 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

مہمان ٹیم نے مقررہ ہدف 48.4 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میزبان کی طرف سے بھی کھیل کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا اور محض چار کے مجموعی اسکور پر اس کے دونوں ابتدائی بلے باز آؤٹ ہوکر پولین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد جوائس نے پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جوائس نے 116 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ آئرلینڈ کے دیگر بلے باز کوئی قابل ذکر کھیل نہ پیش کرسکے۔ دوسرے نمایاں بلے باز کیون او برائن رہے جنہوں نے 38 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے عبدالرحمن نے چار، جنید خان نے دو جب کہ اسد علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے کامران اکمل کو میچ کا جب کہ آئرلینڈ کے کیون او برائن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دو ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف میچوں کے بعد برطانیہ جائے گی جہاں اسے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہے۔
XS
SM
MD
LG