رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنز سے ہرادیا


کپتان اینجلو میتھیوز نے ذمہ دارانہ اندازمیں بلے بازی کی اور 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ پریرا نے بھی 65 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

سری لنکا نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 77 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

منگل کو ہمبنٹوٹا میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 44 اوورز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 62 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

احمد شہزاد نے 56 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے پریرا نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کی شاندار بلے بازی کے باعث سری لنکا نے پاکستان کو 311 رنز کا مشکل ہدف دیا۔

میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 14 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب جنید خان کی گیند پر ابتدائی بلے باز دلشان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سنگاکارا تھے جنہوں نے 11 رنز بنائے۔ انھیں وہاب ریاض کی گیند پر صہیب مقصود نے کیچ آؤٹ کیا۔

جے وردنے نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے لیکن وہ محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

ان کے ساتھ کپتان اینجلو میتھیوز نے ذمہ دارانہ اندازمیں بلے بازی کی اور 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پریرا نے بھی 65 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے چار، محمد حفیظ نے تین اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ کے نتیجے کےبعد تین میچوں کی سیریز ایک – ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ پہلا میچ پاکستان نے چار وکٹوں سے جیتا تھا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتے کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG