رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے ہرا دیا


پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ 82 رنز سے جیت لیا
پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ 82 رنز سے جیت لیا

پاکستان کی اس اننگ میں بابر اعظم کی سنچری اور شعیب ملک کے 61 گیندوں پر 81 رنز کی تیز رفتار اننگ نے اہم کردار ادا کیا

پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست کھانے کے بعد پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

اس میچ میں سری لنکا کے کپتان تھارنگا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں پر 292 رنز بنائے ۔ پاکستان کی اس اننگ میں بابر اعظم کی سنچری اور شعیب ملک کے 61 گیندوں پر 81 رنز کی تیز رفتار اننگ نے اہم کردار ادا کیا۔ اُن کے علاوہ اوپنر فخر زمان نے 45 گیندوں پر 43 اور حفیظ نے 38 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

اوپنر احمد شہزاد12 گیند کھیل کر صفر پر آؤٹ ہوگئے اور یوں اُن کے انتخاب کے حوالے سے پھر سوال ابھرنے لگے ہیں۔

جیت کیلئے 2 93 رنز کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ ابتدائی اووروں میں ہی لڑکھڑا گئی اور اُس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی چلی گئیں۔ سری لنکن ٹیم 150 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی اور یوں وہ یہ میچ 82 رنز سے ہار گئی۔ ۔ سری لنکا کی طرف سے تھریمانے نے 53 اور دننجایا نے ناقابل شکست 50 کی اننگ کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی اور رومان رئیس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اُن کے علاوہ محمد حفیظ اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

شعیب ملک کو 61 گیندوں پر 81 رنز کی اننگ کھیلنے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد سری لنکن کپتان تھارنگا نے کہا کہ اُن کی حکمت عملی پاکستان کو 270 سے کم اسکور پر آؤٹ کر کے مقررہ اوورز میں ہدف حاصل کرنا تھا لیکن پاکستانی بلے بزوں کی شاندار کارکردگی کی بنا پر وہ ایسا نہ کر پائے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ دو ٹیسٹ کی سیریز بری طرح ہارنے کے بعد اُن کیلئے پہلا ون ڈے میچ جیتنا بہت ضروری تھا اور پہلے پاکستانی بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پھر پاکستانی بالروں نے مشکل حالات میں نہایت نپی تلی بالنگ کی۔

ون دے سیریز کا اگلا میچ پیر کے روز ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG