رسائی کے لنکس

پی سی بی گورننگ بورڈ کا ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین احسان مانی صدارت میں ہوا۔

گورننگ بورڈ کے اجلاس میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو توقعات سے کم قرار دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے اختتام پر ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیہ ‏میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور اُمید ظاہر کی گئی ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور باؤنس بیک کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھی لیکن اِس کے باوجود کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی زیر بحث آئی۔ عہدیدار کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق بورڈ اجلاس میں اس پر اتفاق کیا گیا کہ ورلڈ کپ کے اختتام پر تمام فارمیٹس کی گزشتہ تین برسوں میں کھلاڑیوں اور کوچز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ رپورٹ اور اس کی سفارشات چیئرمین پی سی بی اور بورڈ اراکین کو بھیجی جائیں گی۔

پی سی بی اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سرکلر ریزولوشن کے تحت منظور کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی اور ایم ڈی وسیم خان کو با اختیار بنانے کی منظوری بھی دی گئی جس سے چیئرمین کے اختیارات ایم ڈی کو باضابطہ مل گئے ہیں۔ اب تمام سلیکشن کمیٹیوں، تمام کوچز، ڈومیسٹک کرکٹ اور کرکٹ کے انتظامی امور ایم ڈی دیکھیں گے جب کہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے تقرر کے لیے چیئرمین پی سی بی، ایم ڈی سے مشاورت کر سکتے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے گورننگ بورڈ کو بتایا کہ انگلینڈ بورڈ کے ساتھ فرسٹ کلاس امپائروں کو سیکنڈ الیون کرکٹ میچز سپروائز کرنے کے لیے آئندہ سال انگلینڈ بھیجنے پر بات چیت ہوئی ہے۔ ایم ڈی کے مطابق واروکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ایکسچینج پروگرام کے لیے پارٹنر شپ ہوئی ہے۔

گورننگ بورڈ اجلاس میں صوبہ بلوچستان میں قائم بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کی کمرشلائزیشن کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورننگ بورڈ کے ارکان نے پی سی بی کو ایشیاء کپ 2020 کی میزبانی کی تصدیق ہونے پر مبارکباد دی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اِن دنوں انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔ کرکٹ ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG