رسائی کے لنکس

لاہور میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کی شاندار تیاریاں


سری لنکا کا سیکورٹی وفد لاہور ہینچ گیا
سری لنکا کا سیکورٹی وفد لاہور ہینچ گیا

سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہترین استقبالیہ دیا جائے گا۔ انہیں ان کی زبان میں خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ ہوٹل سے اسٹیڈیم تک تمام کھلاڑیوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تیاریاں صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں جاری ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کی اطراف کی سڑکوں پر اضافی لائٹیں لگا دی گئیں ہیں اور تماشائیوں کی رہنمائی کے لیے پینافلیکس بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں، جبکہ گراؤنڈ اور انکلوژرز کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شائقین کو سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ مکمل ہوگیا، جبکہ سیکورٹی کے لیے بھی پہلے سے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

’’چارجگہ پر پارکنگ ہوگی جبکہ شائقين کو شٹل سروس کے ذريعے پارکنگ اسٹینڈز سے اسٹيڈيم تک لايا جائے گا۔ حفاظتی انتظامات میں رینجرز کی پانچ کمپنیاں تعینات ہونگی جبکہ پاک فوج کا کوئیک ریسپانس یونٹ بھی اسٹیڈیم میں موجود ہو گا۔ آپ یوں سمجھ لیجیئے کہ ورلڈ الیون کی نسبت بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔‘‘

ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہترین استقبالیہ دیا جائے گا۔ انہیں ان کی زبان میں خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ ہوٹل سے اسٹیڈیم تک تمام کھلاڑیوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں۔

’’ہم سنہالیز زبان میں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ پہلا استقبالیہ ائیرپورٹ پر دیا جائے گا جبکہ ائیرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک تمام راستوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر ہونگی۔ یہ پاکستان سے جانے والی آخری اور پاکستان آنے والی پہلی ٹیم ہے۔ انہیں شاندار طریقے سے خوش آمدید کہیں گے۔‘‘

شائقین کرکٹ میچ کے ٹکٹوں کے حصول کے لئے لمبی قطاریں بنا کر کھڑے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا کرکٹ ٹاکرے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا معاہدہ نجی کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کے ساتھ کیا ہے۔ ٹی سی ایس کے ایریا مینیجر عمران علی ہاشمی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ مانگ پانچ سو روپے والی ٹکٹ کی ہے اور وہ سب سے پہلے ختم ہو گئے ہیں۔

’’ہم نے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے لاہور شہر میں پچیس کاؤنٹر بنائے ہیں جبکہ لاہور سمیت دیگر پانچ شہروں میں بھی ٹکٹس دستیاب ہیں۔ ہمارے پاس اس وقت صرف پندرہ سو روپے والے اور تین ہزار روپے والے ٹکٹس دستیاب ہیں۔ تماشائی پانچ سو روپے والے ٹکٹ کی ڈیمانڈ زیادہ کرتے ہیں۔‘‘

سيکيورٹی انتظامات کے لئے نشتراسپورٹس کمپليکس کو عوام کے لئے بند کرديا گيا ہے۔ جبکہ سری لنکا کا سیکورٹی وفد بھی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لاہور پہنچ چکا ہےجنہیں پاکستانی حکام بریفنگ دینگے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا تيسرا ميچ اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم میں کھيلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG