رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: زمبابوے کی سات وکٹوں سے فتح


پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان زمبابوے نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

منگل کو ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

خیال رہے کہ زمبابوے نے پاکستانی ٹیم کے خلاف ون ڈے میچ میں 15 سال بعد کامیابی حاصل کی ہے۔

آج کے میچ میں زمبابوین بلے بازوں کے سامنے پاکستانی بالروں کی ایک نہ چلی اور میزبان ٹیم کے ابتدائی بلے بازوں نے اننگز کے آغاز ہی سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ پر اپنی گرفت قائم رکھی۔

اوپنر ہملٹن مساکٹزا نے 85 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ووسی سبانڈا نے 54 رنز اسکور کیے جب کہ کپتان برینڈن ٹیلر 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سعید اجمل نے دو اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں فتح کے بعد زمبابوے کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔

کپتان مصباح الحق نے 83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد حفیظ 70 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

زمبابوے کی طرف سے ویٹوری اور چاتارا نے دو، دو جب کہ اتسیا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک روزہ میچوں سے قبل دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پاکستان نے دو، صفر سے جیت لی تھی۔

زمبابوے کی ٹیم حالیہ مہینوں میں کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی اور بھارت نے خلاف سیریز میں بھی وہ کوئی میچ نہ جیت سکی تھی۔

لیکن دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے خلاف اس کی کارکردگی کے پیش نظر مبصرین نے امکان ظاہر کیا تھا کہ یہ مہمان ٹیم کے لیے مشکل حریف ثابت ہوسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG