رسائی کے لنکس

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے محمد عامر کی تقریباً ساڑھے پانچ سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوئی۔ وہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا لیکن پوری میزبان ٹیم بیس اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے ابتدائی بلے باز محمد حفیظ دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ عمر اکمل نے 24 اور کپتان شاہد آفریدی نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے ایڈم ملن نے چار، ساٹنر نے دو جب کہ ہنری اور بولٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی وکٹ جلد ہی گر گئی اور گپٹل دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے لیکن کپتان ولیمسن اور مونرو نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں نے بالترتیب 70 اور 56 رنز بنائے اور یہ دونوں وکٹیں وہاب ریاض نے حاصل کیں۔ مونرو کی اننگز میں چھ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی پاکستانی باؤلروں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتا رہا۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین، شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو، دو جب کہ عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے محمد عامر کی تقریباً ساڑھے پانچ سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوئی۔ اگست 2010ء میں انھیں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں پانچ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ سال پابندی ختم ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ان کی کارکردگی خاصی متاثر کن رہی تھی اور اسی بنا پر بعض حلقوں کی مخالفت کے باوجود اس نوجوان فاسٹ باؤلر کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG