رسائی کے لنکس

پی سی بی کو ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کیلئے 5 جنوری تک مہلت مل گئی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال فروری میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرنے کی ڈیڈلائن پاکستان کی درخواست پر پانچ جنوری تک بڑھادی ہے۔

اس سے قبل کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے آئندہ سال 19 فروری سے ہونے والے 50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے شریک ٹیموں کو اپنے اپنے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرنے کیلئے 19 دسمبر کی تاریخ دی گئی تھی۔

تاہم برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ نے آئی سی سی سے پاکستان کیلئے مذکورہ ڈیڈلائن میں اضافے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

ایجنسی نے پی سی بی کے عہدیدار کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2011 کے لئے 30 رکنی ابتدائی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرنے کے لئیپی سی بی کو 5 جنوری تک کا وقت دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کی غرض سے ٹیم سلیکٹرز اور منیجمنٹ کا ایک مشترکہ اجلاس پی سی بی کے لاہور میں واقع ہیڈ کوارٹر میں سات گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگیا تھا جس کے بعد ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان موخر کردیا گیا تھا۔

بورڈ حکام کے مطابق پی سی بی قومی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کی کلیئرنس کے حوالے سے معاملات فائنل نہیں کر پایا ہے جس کے باعث اسکواڈ کا اعلان موخر کیا گیا اور آئی سی سی سے مزید مہلت طلب کی گئی۔

بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 میں کل 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں سے کئی ممالک کی جانب سے اپنے اپنے ابتدائی اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG