رسائی کے لنکس

گیند لگنے سے زخمی ہونے والے کرکٹر ہیوز انتقال کر گئے


فل ہیوز (فائل فوٹو)
فل ہیوز (فائل فوٹو)

فل ہیوز کے انتقال کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں ہونے والے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل معطل کر دیا گیا ہے۔

ایک میچ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہونے والے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز انتقال کر گئے ہیں۔

ٹیم کے ڈاکٹر پیٹر بروکنر نے ایک بیان میں بتایا کہ 25 سالہ بیٹسمین جمعرات کو اسپتال میں انتقال کر گئے، اس وقت ان کے اہل خانہ اور احباب ان کے گرد موجود تھے۔

منگل کو سڈنی میں شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ میں نیوساؤتھ ویلز کے باؤلر شان ایبٹ کا باؤنسر ہیوز کے کان کے بالکل پچھلی جانب لگا تھا جس سے وہ وہیں پچ پر ہی گر گئے تھے۔

انھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں کوما میں رکھتے ہوئے ان کی سرجری کی گئی۔

بروکنر کا کہنا تھا کہ وہ اس کوما میں سے باہر نہیں آسکے۔ "انتقال سے قبل وہ (ہیوز) تکلیف میں نہیں تھے۔"

ان کے انتقال پر کرکٹ کے حلقوں اور شائقین کی طرف سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے بھی اپنے کھلاڑی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

فل ہیوز کے انتقال کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں ہونے والے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل معطل کر دیا گیا جب کہ ایڈیلیڈ میں بھارت اور آسٹریلیا الیون کے درمیان ہونے والے دو روزہ ٹور میچ بھی منسوخ کر دیا گیا۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز چار دسمبر سے شروع ہونے جا رہی ہے اور کہا جارہا تھا کہ شاید ہیوز کو زخمی کپتان مائیکل کلارک کی جگہ شامل کیا جائے گا۔

فلپ ہیوز 30 نومبر کو اپنی چھبیسویں سالگرہ منانے والے تھے لیکن اس سے چند روز قبل ہی وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

فل ہیوز حالیہ برسوں میں گیند لگنے سے موت کا شکار ہونے والے دوسرے کرکٹر ہیں۔ گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے 32 سالہ ڈیرن رینڈل بھی سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے اور پھر انتقال کر گئے تھے۔

ہیوز نے 26 ٹیسٹ میچوں میں تین سینچریوں اور سات نصف سینچریوں کی مدد سے 1535 رنز بنا رکھے تھے۔

XS
SM
MD
LG