رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا کی 25 رنز سے فتح


高中生创作的我有一个梦(美国之音国符拍摄)
高中生创作的我有一个梦(美国之音国符拍摄)

پیر کو دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے۔ جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 3ء46 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

متحدہ عرب امارات میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 25 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

پیر کو دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے۔ جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 3ء46 اوورز میں 210 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

دبئی کے 'انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم' میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 236 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے پہلے ہی اوور میں دو وکٹوں سے ہاتھ دھونا پڑے جب اوپنر محمد حفیظ اور سابق کپتان یونس خان بالترتیب 4 اور بغیر کوئی رن بنائے ملنگا کی گیندوں پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ چوتھے اوور میں 11 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمران فرحت صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے چوتھی وکٹ کی شرکت میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ہدف تک پاکستان کی رسائی ایک بار پھر ممکن بنادی۔

کپتان مصباح 20 ویں اوور میں 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے آئوٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی عبدالرزاق تھے جو 11 کے انفرادی اسکور پر ڈبل رن لینے کی ایک کوشش کے دوران رن آئوٹ ہوگئے۔

عمر اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 102 گیندوں پر 91 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔ اکمل 38 ویں اوور کی آخری گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز تھا۔

اگلی ہی گیند پر سرفراز احمد بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 24 رنز بنائے۔چند گیندوں بعد عمر گل بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس موقع پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے نویں وکٹ کی شراکت میں میچ پر پاکستان کی گرفت ایک بار پھر بحال کرنے کی کوشش کی تاہم یہ پارٹنر شپ زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔

آفریدی 29 رنز بنا کر 44 ویں اوور میں رن آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور نو وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز تھا۔

آفریدی کے آئوٹ ہونے کے بعد سعید اجمل اور اعزاز چیمہ کی دسویں وکٹ کی پارٹنرشپ کے سامنے جیت کے لیے 38 گیندوں پر 37 رنز کا بظاہر ناممکن ہدف تھا۔

یہ پارٹنرشپ زیادہ دیر سری لنکن بالرزکا سامنا نہ کرسکی اور 210 کے مجموعی اسکور پر اعزاز چیمہ بھی 6 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ سعید اجمل نے 8 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے 3 جب کہ پیریرا اور فرنانڈو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ لسیتھ ملنگا کو 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو اسے 56 کے مجموعی اسکور پر اپنی پہلی وکٹ سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب کپتان دلشان 28 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا نشانہ بنے۔

پندرہویں اوور میں سنگاکارا صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو سری لنکا کا اسکور 65 رنز تھا۔ انہیں عبدالرزاق نے اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کیا۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 94 کے مجموعی اسکور پر چندی مل کی گری جو 15 کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کا نشانہ بنے۔

اس موقع پر اوپنر اپل تھارنگا اور جیا وردھنے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنا کر سری لنکا کے اسکور کو سہارا فراہم کیا۔ تھارنگا 77 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہے۔ انہیں 42 ویں اوور میں شاہد آفریدی کی گیند پر یونس خان نے کیچ آئوٹ کیا۔

ان کے بعد آنے والے میتھیوز صرف 3 رنز بنا پائے اور اعزاز چیمہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

جیا وردھنے نصف سینچری اسکور کرکے 48 ویں اوور میں سعید اجمل کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے تو سری لنکا کا مجموعی اسکور 210 تھا۔

سری لنکا کی گرنے والی ساتویں وکٹ پریرا کی تھی جنہیں 13 کے اسکور پر سرفراز احمد نے اسٹمپ کیا۔ اجنتھا مینڈس 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 3 جب کہ شاہد آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اعزاز چیمہ اور عبدالرزاق نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا جس کے بعد اب سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 18 نومبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG