رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ میں سری لنکا کے 419 رنز کے جواب میں پاکستان کی پر اعتماد بیٹنگ


سری لنکا کی اننگ میں کپتان چندی مل نے نہایت عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کے اوپننگ بیٹسمین کرونا رتنے نے 93 ، ڈک ویلے نے 83 اور پریرا نے 33 رنز بنائے۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجودہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم 419 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آج کھیل کے دوسرے روز جواب میں پاکستان نے 64 رنز بنائے ہیں اور اُس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا ہے۔

پاکستان کے افتتاحی کھلاڑیوں سمیع اسلم اور شان مسعود نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور دونوں نے بالترتیب 31 اور 30 رنز بنائے ہیں۔

اس سے پہلے سری لنکا کی اننگ میں کپتان چندی مل نے نہایت عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کے اوپننگ بیٹسمین کرونا رتنے نے 93 ، ڈک ویلے نے 83 اور پریرا نے 33 رنز بنائے۔ سری لنکا کے بڑے اسکور میں کپتان چندی مل اور بیٹسمین ڈک ویلے کی 134 رنز کی شراکت نے اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی طرف سے سپنر یاسر شاہ اور تیز بالر محمد عباس نے تین تین، حسن علی نے دو اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تیز بالر محمد عامر کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

یاسر شاہ نے اپنے کیرئر کے اس 27 ویں ٹیسٹ میں 150 وکٹیں مکمل کیں اور یوں وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 150 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے سپنر بن گئے ہیں۔ مجموعی طور پر سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے تیز بالر سڈنی بارنز کا ہے جنہوں نے صرف 24 ٹیسٹ میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ ٹیسٹ میچ اسلئے بھی یاد رکھا جائے گا کہ اس میں پہلی بار قوانین کو تبدیل کر کے فٹ بال اور ہاکی کی طرح سرخ کارڈ کا اجرا کیا گیا۔ اب کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے میدان میں بد تمیزی کرنے یا غیر مناسب رویہ اختیار کرنے پر امپائر اسے میچ سے باہر کر سکتا ہے۔

پاکستانی اوپننگ بیٹسمین شان مسعود اور سمیع اسلم کل میچ کے تیسرے روز بغیر کسی نقصان کے ساتھ 64 رنز سے اننگ دوبارہ شروع کریں گے۔

XS
SM
MD
LG