رسائی کے لنکس

اینجلو میتھیوز پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے باہر


پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر کو ابوظہبی اور دوسرا 6 اکتوبر کو دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیسٹ ڈے اینڈ نائیٹ کے نئے فارمیٹ کے مطابق کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز زخمی ہو جانے کے باعث اگلے ہفتے ابو ظہبی میں پاکستان کے خلاف کھیلنے جانے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

تاہم تین نئے کھلاڑیوں سادیرا سماراوکراما ، روشن سلوا اور لاہیرو گاماگے کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

خیال ہے کہ 28 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین سلوا کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 29 سالہ فاسٹ بالر گاماگے کی بھی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔ اُنہیں پچھلے سال بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم اُنہیں ٹیسٹ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ 22 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین سماراوکرما ان تنیوں نئے کھلاڑیوں میں سب سے کم عمر ہیں اور اس سے پہلے انڈر 19 سطح پر اپنے ملک کی نمائیندگی کر چکے ہیں۔

اوپنر کوشل سلوا گزشتہ جنوری کے بعد پہلی بار ٹیم کا حصہ بن رہے ہیں۔ 31 ۔ سالہ سلوا 14 جنوری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میں پہلی بال پر آؤٹ ہو گئے تھے اور اُس کے بعد سے اُنہیں ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ میتھیوز کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد لاہیرو تھریمانے ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیں گے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ بھارت کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہو جانے کے باعث دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہوجانے کے بعد فاسٹ بالر سورنگا لکمل ایک بار پھر ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔

بھارت کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں سری لنکا کو 3-0 کے ساتھ وائیٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ سیریز حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ یک طرفہ ثابت ہوئی تھی۔ سری لنکن ٹیم کو اب پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بہتر کارکردگی کی اُمید ہے۔

پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر کو ابوظہبی اور دوسرا 6 اکتوبر کو دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیسٹ ڈے اینڈ نائیٹ کے نئے فارمیٹ کے مطابق کھیلے جائیں گے۔ سری لنکن اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

دنیش چندی مل (کپتان)، لاہیرو تھریمانے، دیموتھ کارونارتنے، کوشل سلوا، کوسل مینڈس، سادیرا سماراوکرما، روشن سلوا، نیروشن ڈک ویلا، رنگنا ہیراتھ، لکشن سنداکن، دلرووان پریرا، سورنگا لکمل، نووان پردیپ، وشوا فرنانڈو اور لاہیرو گاماگے۔

XS
SM
MD
LG