رسائی کے لنکس

انڈر۔19 ورلڈ کپ: تمام نگاہیں پاکستان کے تیز بالر شاہین آفریدی پر


شاہین آفریدی۔ فائل فوٹو
شاہین آفریدی۔ فائل فوٹو

اس وقت جبکہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے، پاکستان کی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم بھی وہاں پہنچ چکی ہے اور انڈر۔19 ورلڈ کپ کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

انڈر۔19 ورلڈ کپ 13 جنوری سے 3 فروری تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جا رہا ہے اور پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ ہفتے کے روز افغانستان سے ہو گا۔

ورلڈ کپ سے پہلے ہی پاکستانی ٹیم کے 17 سالہ تیز بالر شاہین آفریدی میڈیا اور کرکٹ کے حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ اُن کا نام پاکستان کے مشہور کرکٹر بوم بوم آفریدی سے ملتا جلتا ہے۔ تاہم ساڑھے چھ فٹ کے شاہین آفریدی کا بوم بوم آفریدی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کی کارکردگی پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ان کی بالنگ میں وہ تمام لوازمات شامل ہیں جو کسی بھی ٹیم کے بلے بازوں کو پریشان کرسکیں۔

شاہین آفریدی دونوں جانب بال کو سونگ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور بہت کامیابی کے ساتھ یارکر بھی پھینکتے ہیں۔ اُن کی بالنگ کی رفتار بھی متاثر کن ہے۔

جس طرح شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر کے پہلے ہی ایک روزہ میچ میں صرف 37 گیندوں پر 100 رنز بنا کر شایقین کو حیرت میں ڈال دیا تھا، شاہین آفریدی نے اپنے کیریئر کا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلتے ہوئے 39 رنز دے کر 8 بلے بازوں کو پیویلین کی راہ دکھا دی تھی۔ یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں بہترین کارکردگی ہے۔

بائیں ہاتھ سے تیز بالنگ کرنے والے اس کھلاڑی کے پسندیدہ کھلاڑی وسیم اکرم ہیں جن کو وہ اپنا ہیرو مانتے ہیں۔

پاکستان کی انڈر۔19 ٹیم کے کپتان حسن خان ہیں اور دیگر کھلاڑیوں میں روہیل نذیر (وکٹ کیپر)، محمد علی خان، علی زریاب، عماد عام، ارشد اقبال، عمران شاہ، محمد طاحا، محمد محسن خان، محمد موسیٰ، محمد زید، منیر ریاض، سعد خان، شاہین آفریدی اور سلیمان شفقت شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG