رسائی کے لنکس

بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے، عمران خان


بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے، عمران خان
بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے، عمران خان

پاکستان کو 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح دلانے والے کپتان عمران خان نے بھارت کوآئندہ سال ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کیلئے فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔

جمعرات کے روز نئی دہلی میں 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ اور ورلڈ کپ سے عین قبل دورہ جنوبی افریقہ کے باعث بھارتی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کیلئے سب سے زیادہ فیورٹ ہوگی۔

واضح رہے کہ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش آئندہ سال 19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔

بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے، عمران خان
بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ہے، عمران خان

سابق پاکستانی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ سے عین قبل دورہ جنوبی افریقہ سے بھارتی ٹیم کو کافی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے اور ان کے بقول یہ دورہ جتنا سخت ثابت ہوگا بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے اتنا ہی تیار ہوگی۔

16 دسمبر سے شروع ہونے والے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بھارتی ٹیم تین ٹیسٹ میچ، دو ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رینکنگ کے مطابق بھارت دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم ہے جبکہ آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کا نمبر پہلا ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر فیورٹ ٹیم 2006 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے والی سری لنکا ہوگی کیونکہ انہیں بھی ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہوگا جو بقول ان کے عالمی مقابلہ میں کافی اہمیت رکھتا ہے۔

تاہم تقریب میں شریک سابق سری لنکن کپتان اور لیجنڈری بلے باز ارجنا رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ وہ سری لنکا کو ٹورنامنٹ کیلئے سب سے فیورٹ ٹیم سمجھتے ہیں۔ رانا ٹنگا کے مطابق بھارتی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈز پر ہزاروں تماشائیوں کے سامنے کھیلتے ہوئے عموماً دباؤ میں آجاتی ہے جس کے باعث اس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

سری لنکا کو 1996 کے ورلڈ کپ میں فتح دلانے والے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کمار سنگاکارا، مہیلا جیا وردھنے اور مرلی دھرن جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے اور امید ہے کہ ٹیم عالمی کپ میں شاندار کارکردگی دکھائے گی۔

XS
SM
MD
LG