رسائی کے لنکس

افغانستان عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ 105 رنز سے ہار گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلہ دیش نے باؤلروں نے افغان بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور 42.5 اوورز میں پوری ٹیم کو 162 رنز پر چلتا کیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 105 رنز سے شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

بدھ کو آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں پول اے کے ایک میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 267 رنز بنائے۔

مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے بالترتیب 71 اور 63 رنز بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بھی افغان باؤلروں کے سامنے قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

افغانستان کی طرف سے حامد حسن، شاپور زدران، آفتاب عالم اور میرواعظ اشرف دو، دو جب کہ محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

268 رنز کے تعاقب میں افغان ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور محض تین رنز پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

سمیع اللہ شنواری اور کپتان محمد نبی نے حریف باؤلروں کے سامنے کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 42 اور 44 رنز بنائے۔

افغانستان کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کے مشرفی مرتضیٰ نے تین، شکیب الحسن نے دو جب کہ روبیل حسین، تسکین احمد اور محمد اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

افغانستان کی ٹیم قدرے نئی ہے اور اس نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ورلڈ کپ کے لیے کھیلے گئے کوالی فائنگ میچ میں کامیابی حاصل کر کے اس عالمی مقابلے تک پہلی بار اپنی رسائی کو ممکن بنایا تھا۔

بنگلہ دیش اپنا اگلا میچ 21 فروری کو آسٹریلیا جب کہ افغانستان 22 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG