رسائی کے لنکس

پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا سیمی فائنل میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی متاثر کن نہ رہ سکی جب کہ فیلڈنگ کے شعبے میں بھی حسب معمول پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

گیارہویں کرکٹ ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان کا اس میگا ایونٹ میں سفر تمام ہوا جب کہ آسٹریلیا سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

جمعہ کو ایڈیلیڈ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 214 رنز کا ہدف دیا تھا جسے اس نے 33.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے پہلے اسمتھ نے 65 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کی طرف گامزن رہنے میں مدد کی پھر واٹسن اور میسکویل نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کو ممکن بنایا۔

دونوں نے بالترتیب 64 اور 44 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو جب کہ سہیل خان اور احسان عادل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

حسب معمول اس اہم میچ میں بھی پاکستانی فیلڈنگ ناقص رہی جس میں کھلاڑی کئی اہم کیچز پکڑنے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 213 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن جلد ہی اسے اپنے دونوں ابتدائی بلے بازوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔

سرفراز احمد نے پول میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور توقع کی جارہی تھی کہ وہ اپنی یہی فارم برقرار رکھیں گے۔ لیکن وہ 16 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے دس رنز ہی بنا سکے اور سٹارک کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد کو ہیزل ووڈ کی گیند پر کلارک نے سلپ میں کیچ آؤٹ کیا۔

کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے آسٹریلوی باؤلروں کے سامنے کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا لیکن یہ شراکت بھی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔

مصباح الحق نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز بنائے جب کہ حارث سہیل 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر بلے باز بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ عمر اکمل 20، صہیب مقصود 29 اور شاہد آفریدی نے 23 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی طرف سے ہیزل ووڈ نے چار، اسٹارک اور میکسویل نے دو، دو جب کہ جانسن اور فاؤلکنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ہیزل ووڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم کی شکست پر شائقین خاصے مایوس نظر آئے اور انھوں نے بھی ٹیم کی بیٹنگ اور فیلڈنگ پر سخت تنقید کی۔ اسلام آباد میں کرکٹ کے چند متوالوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس شکست پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔

آسٹریلیا سے شکست کے بعد پاکستان میں کرکٹ شائقین کی مایوسی
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:11 0:00

اس فتح کے بعد اب آسٹریلیا کا مقابلہ سیمی فائنل میں بھارت سے ہوگا۔ جنوبی افریقہ اور بھارت پہلے ہی اپنے اپنے کوارٹر فائنلز جیت کر سیمی فائنلز میں جگہ بنا چکے ہیں۔

آسٹریلیا چار مرتبہ عالمی چیمپیئن رہ چکا ہے جب کہ پاکستان صرف ایک بار عالمی کپ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG