سری لنکا نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 148 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ہوبارٹ میں بدھ کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلےبیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز بنائے۔
ابتدائی بلے باز تھریمانے صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس وقت سری لنکا کے مجموعی اسکور 21 تھا۔ لیکن دلشان اور سنگاکارا جم کر کھیلتے ہوئے بالترتیب 104 اور 124 رنز اسکور کیے۔
سنگاکارا اس میچ میں سینچری بنا کر دنیائے کرکٹ میں ایک روزہ میچوں میں لگاتار چار سینچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اسکاٹ لینڈ کی طرف سے ڈاوی نے تین، بیرنگٹن اور ایوانس نے دو، دو جب کہ ٹیلر اور ماچان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
364 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کولمین 70 اور کپتان مومسین 60 رنز کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی طرف سے کولاسیکرا اور چامیرا نے تین، تین جب کہ مالنگا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پریرا اور دلشان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
کمارا سنگاکارا کو شاندار 124 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
سری لنکا پول اے میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ کا کوئی پوائنٹ نہیں اور وہ پانچوں میچ ہار کے اس پول میں آخری درجے پر ہے۔