رسائی کے لنکس

کیوبا: طیارہ حادثے میں 110 ہلاک، بلیک باکس مل گیا


کیوبا میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے پر سوار 110 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ تین افراد زندہ تو بچ گئے ہیں لیکن ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جمعہ کو یہ بوئنگ طیارہ ہوانا سے اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حکام کے مطابق مرنے والوں میں 99 افراد کا تعلق کیوبا سے ہے جب کہ تین غیر ملکی ہیں جن میں ایک کا تعلق میکسیکو اور دو کا ارجنٹائن سے تھا۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد لاشوں کی شناخت کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 40 سالہ پرانا بوئنگ 737 تھا جو کہ کیوبا کی قومی فضائی کمپنی نے میکسیکو کی ایک کمپنی سے لیز پر لے رکھا تھا۔ طیارے کا عملہ اسی کمپنی کا ملازم تھا۔

واقعے میں زندہ بچ جانے والی تین خواتین تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

گزشتہ تین دہائیوں میں کیوبا میں پیش میں آنے والا یہ مہلک ترین فضائی حادثہ ہے جس پر ملک بھر میں دو روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

یہ طیارہ ہوانا کے جنوب میں 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک زرعی علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا جہاں تفتیش کار ملبے کو جمع کر کے تحقیقات میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے اور یہ "اچھی حالت میں ہے۔ تاہم فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ کی تلاش تاحال جاری ہے۔

کھیتوں میں کام کرنے والے ایک کسان نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایا کہ "طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور یہ سیدھا زمین پر آگرا۔"

میکسیکو کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ "اڑان بھرتے ہوئے طیارے میں بظاہر کوئی خرابی ہوئی اور یہ زمین پر آگرا۔"

میکسیکو نے بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کیوبا بھیجے گا۔

اس سے قبل کیوبا میں 1989ء میں ہونے والے ایک فضائی حادثے میں طیارے پر سوار 126 اور زمین پر 14 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG