اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں مسلح افراد نے تین امدادی کارکنوں کو اغوا کر لیا ہے جن میں ایک امریکی بھی شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے منگل کے روز بتایا کہ اغوا کنندگان نے دارالحکومت نیالا کے باہر جنوبی دارفور میں امدادی کارکنوں کی دونوں گاڑیوں کو روک لیا۔ اغوا شدگان میں دو سوڈانی باشندے ہیں اور تیسری امریکی خاتون ہے۔
دارفور میں حال ہی میں اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ابھی پچھلے ماہ جنوبی افریقہ کے چار باشندوں کو اغوا کیا گیا تھا جنھیں بعد میں سودے بازی کے ذریعے چھڑا لیا گیا۔
درایں اثنا دارفور میں باغیوں نے 44 سوڈانی فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔