رسائی کے لنکس

ڈیرن سیمی پاکستانی شائقین کرکٹ کے ’ہیرو‘ بن گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل کھیلنے کے باعث پاکستانی شہریوں کے دلوں میں ایک نئی پہچان بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔عوامی سطح پر اس علیحدہ اور منفرد پہچان کو ’سپر ہیرو‘ کہاجانے لگا ہے ۔

اتوار کو میچ دیکھنے کی غرض سے شہر کے مختلف علاقوں سے شٹل کے ذریعے فائنل دیکھنے والے کرکٹ فینز جن میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد نمایا ں تھی انہوں نے وائس آف امریکہ سے تبادلہ خیال میں کہا کہ ہمارا ’سپر ہیرو‘ پاکستان کا سپر ہیرو ، کرکٹ کا ہیروہے ۔‘

نوجوانوں کی اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ آج کے میچ میں کھل کر ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گے ۔ ایک نوجوان لڑکے پارس اور ان کی ساتھی نوشی کا کہنا تھا کہ "پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا دوازہ کھولنے والے ڈیرن سیمی جیسے عظیم کھلاڑی ہیں۔"

کرکٹ فینز کی اکثریت نے اعتراف کیا کہ نجم سیٹھی جنہوں نے پی ایس ایل کا آئیڈیا پایہ تکمیل تک پہنچایا ، سندھ کے وزیر اعلیٰ سیدمراد علی شاہ نے دوسرے سیزن کے موقع پر ہی نجم سیٹھی سے پی ایس ایل سیزن تھری کو کراچی تک لانے کی ناصرف سب سے پہلے خواہش ظاہر کی بلکہ اسے عملی جامہ پہنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

شائقین کے بقول ڈیرن سیمی وہ کھلاڑی ہیں جو پچھلے سال بھی ایسے وقت میں پاکستان آئے تھےجب بیشتر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔ یہاں آکر انہوں نے عوام کے دل جیتے اور جس طرح روایتی پگڑی اور ٹوپی پہن کر خوشی کا اظہار کیا اس سے ناصرف پاکستانی ثقافت کو دنیا بھر میں مزید شناخت ملی بلکہ تمام رائے عامہ بھی ان کے حق میں ہوگئی۔

ایک اور کرکٹ مداح ندیم حفیظ کا کہنا تھا کہ ’تیسرے سیزن کے لیگ میچز میں بھی ڈیرن نے زخمی ہونے کے باوجود جس انداز میں پرفارم کیا اور کرکٹ فینز کو خوش کیا وہ عوام کے لئے کسی قومی تہوار سے کم ثابت نہیں ہوئی۔‘

وائس آف امریکہ سے تبادلہ خیال میں بیشتر کرکٹ فینز نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ آج کے میچ میں انہیں ہوم کراؤڈ جیسی سپورٹ ملے گی ۔ بیشتر سپوٹرز نے پشاور زلمی اور ڈیرن سیمی کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیاجبکہ کچھ نوجوان لڑکیوں نے زور دے کر کہا کہ وہ کئی دن سے پشاور کی جیت کے لئے دعاگو ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کا فضائی جائزہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:28 0:00



وزیراعلیٰ سندھ کی فائنل کے انعقاد میں خصوصی دلچسی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اتوار کی دوپہر سید مراد علی شاہ نے میچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سید مراد علی شاہ نے شہر میں واقع مختلف پارکنگ ایریازاور عوام کی آمد و رفت کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیااور اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ انتظامات میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے موبائل فون سے اسٹیڈیم کی فوٹیج بھی بنائی اور اسٹیڈیم پر لگی شائقین کی لائنیں دیکھ کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

XS
SM
MD
LG