رسائی کے لنکس

ہالینڈ میں گرمیوں کے دوران شرح اموات میں 15 فی صد اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یورپ میں پڑنے والی حالیہ ریکارڈ گرمی اور ہیٹ ویو سے ہالینڈ کی شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ہفتے میں ہونے والی اوسطاً ہلاکتوں سے تقریبا 400 افراد زیادہ ہلاک ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہالینڈ کے شماریاتی ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 22 جولائی سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران نیدرلینڈز میں کل 2964 اموات ہوئیں۔

یہ تعداد ہر ہفتے ہونے والی اموات کی اوسط تعداد سے 15 فی صد زیادہ ہیں۔

اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اموات میں اس اضافے کی وجہ موسم کی شدت تھی۔

واضح رہے کہ یورپی ممالک میں حالیہ دنوں درجہ حرارت میں شدت ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ ہالینڈ کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

محققین کے مطابق ہالینڈ میں ہونے والی حالیہ ہلاکتوں کا موازنہ 2006 میں ہیٹ ویو سے ہونے والی اموات سے کیا جا سکتا ہے جو اب تک ہالینڈ کی سب سے لمبے عرصے تک چلنے والی ہیٹ ویو تھی۔

ہالینڈ میں حالیہ ہیٹ ویو سے ہلاک ہونے والوں میں 300 لوگوں کی عمر 80 سال سے زائد تھی۔

ملک کے شمالی علاقوں میں اموات کی شرح زیادہ رہی ہے۔ ان علاقوں میں باقی ملک کی نسبت زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ یورپ میں ایک ماہ کے دوران دو بار ہیٹ ویوز آئی ہیں۔

ماہرین موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ایسی ہیٹ ویوز معمول بن سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG