رسائی کے لنکس

جنوبی سوڈان: آئل ٹینکر میں دھماکہ، ہلاکتیں 150 ہوگئیں


فائل
فائل

حکام نے ابتدائی طور پر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 85 بتائی تھی جو جمعے تک دگنی ہوگئی ہے۔

جنوبی سوڈان میں ایک آئل ٹینکر میں دھماکے سے آگ لگنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 150 تک جاپہنچی ہے۔

حادثہ جمعرات کو دارالحکومت جوبا سے 250 کلومیٹر مغرب میں واقع قصبے مریدی کے نزدیک ایک سڑک پر پیش آیا تھا۔

حکام کے مطابق سڑک سے گزرنے والا ایک آئل ٹینکر الٹ گیا تھا جس سے بہنے والا تیل جمع کرنے کے لیے سیکڑوں افراد اس کے گرد جمع تھے جب ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا۔

حکام نے ابتدائی طور پر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 85 بتائی تھی جو جمعے تک دگنی ہوگئی ہے۔

مریدی کی مقامی حکومت کے ایک عہدیدار جان ساکی نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتیں 175 تک پہنچ سکتی ہیں۔

علاقائی انتظامیہ کی ایک اہلکار مریم ٹیٹو نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے کئی افراد بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ انتہائی غربت کا شکار مشرقی افریقی ممالک میں اس طرح کے حادثات اس سے قبل بھی پیش آچکے ہیں جہاں حادثے کا شکار ہونے والے آئل ٹینکروں سے بہنے والا تیل جمع کرنے کے لیے سیکڑوں لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوجاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG