رسائی کے لنکس

امریکہ: بگولوں اور طوفان سے کم از کم 22 افراد ہلاک


امریکہ کی جنوبی ریاست الابامہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں اتوار کو آنے والے طوفان اور بگولوں سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

لی کاوئنٹی کے شیرف جے جونز نے کہا ہے ’’ابھی تک 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بدقسمتی سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے‘‘۔

جونز نے مزید کہا کہ اس بگولے کی وجہ سے ایک میل کے علاقے میں تباہی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی ایک مکان مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ متعدد زخمی افراد کو اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور جن میں کئی ایک شدید زخمی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے اتوار دیر گئے تصدیق کی تھی کہ اتوار کو طوفانی بگولے کی وجہ سے الابامہ میں شدید تباہی ہوئی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار گئے ٹوئٹ کیا کہ ’’الابامہ اور اس کے نواح کے عظیم لوگو، برائے مہربانی احتیاط کریں اور محفوظ رہیں۔ متاثرین کے دوستوں اور اہل خانہ اور زخمی ہونے والوں پر خدا رحم کرے۔ـ’’

الابامہ ہنگامی سروس کے منتظم ادارے کے ترجمان گریگوری رابنسن نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ اتوار شام تکلی کاوئنٹی کے علاوہ طوفان اور بگولوں سے متاثر ہونے والے الابامہ کی دیگر کاوئنٹی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امدادی کارکن ریاست کے جنوبی مغربی علاقے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اتوار کی دوپہر کو الابامہ، جارجیا، فلوریڈا اور جنوبی کیرولینا میں بگولوں کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے ریڈار کے ذریعے اس علاقے میں دیگر بگولوں کا بھی انتباہ جاری کیا تھا اور پیر کی صبح کو ان کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین کی ٹیم بھیجیں گے۔

ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مناظر میں تباہ شدہ عمارتیں اور ہر طرف ملبے کے ڈھیر دکھائی دیئے جن کو ہٹانے کے لیے امدادی کارکن ملبے ہٹانے میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG