رسائی کے لنکس

logo-print

فرانس کے معاشی مفادات فرانسیسی کے تحفظ سے مشروط، رپورٹ


اس وقت فرانس کے علاوہ دنیا میں 37 ایسے ممالک ہیں جہاں فرانسیسی یا تو سرکاری زبان ہے یا وہاں کی کم از کم 20 فی صد یا اس سے زیادہ آبادی فرانسیسی بولتی اور سمجھتی ہے۔

فرانس کی ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں فرانسیسی زبان کی مقبولیت میں کمی آرہی ہے اور اگر اس کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس سے فرانس کے بین الاقوامی معاشی مفادات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

یہ رپورٹ فرانس کے صدر فرانسس اولاں کی ہدایت پر معروف فرانسیسی ماہرِ معیشت جیکوس اٹالی نے تیار کی ہے جو سابق صدر فرانسس متراں کے مشیر رہ چکے ہیں۔

صدر اولاں نے جیکوس اٹالی کو ہدایت کی تھی کہ وہ دنیا بھر میں فرانسیسی زبان کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایسے اقدامات تجویز کریں جن کے نتیجے میں فرانسیسی کمپنیوں کو بیرونِ ملک تجارت اور کاروبار کے مزید مواقع میسر آسکیں۔

جیکوس اٹالی نے اپنی رپورٹ رواں ماہ فرانس کے صدر کو پیش کردی ہے جس کے پیش لفظ میں انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر فرانسیسی زبان کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو دنیا بھر میں فرانسیسی بولنے والے افراد کی تعداد میں آئندہ چند عشروں کے دوران میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔

اٹالی نے پیش گوئی کی ہے کہ بیرونِ ملک فرانسیسی زبان بولنے والوں کی تعداد میں کمی کے نتیجے میں غیر ملکی منڈیوں میں فرانسیسی کمپنیوں کو حاصل کاروباری مواقع کم ہوں گے اور غیر ملکی طلبہ کی فرانسیسی جامعات میں دلچسپی اور داخلوں میں کمی آئے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر فرانسیسی زبان بولنے والوں کی تعداد میں کمی کی موجودہ شرح برقرار رہی تو 2020ء تک فرانسیسی معیشت کو ایک لاکھ 20 ہزار اور 2050ء تک پانچ لاکھ ملازمتوں کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا جو پہلے سے متزلزل فرانسیسی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔

انیسویں صدی کی ایک بڑی نو آبادیاتی طاقت کی زبان ہونے کے ناتے فرانسیسی ایک عرصے تک شاہی عدالتوں اور بین الاقوامی سفارت کاری کی زبان رہی ہے جب کہ فرانس کی سابق نو آبادیات میں یہ اب بھی پہلی یا دوسری بڑی زبان کی حیثیت سے بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

لیکن حالیہ کچھ عشروں کے دوران فرانسیسی کو انگریزی کی سخت مسابقت کے باعث سابق نو آبادیاتی کالونیوں سے پسپا ہونا پڑا ہے اور انگریزی تیزی سے فرانسیسی زبان بولنے والوں میں مقبول ہورہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت فرانس کے علاوہ دنیا میں 37 ایسے ممالک ہیں جہاں فرانسیسی یا تو سرکاری زبان ہے یا وہاں کی کم از کم 20 فی صد یا اس سے زیادہ آبادی فرانسیسی بولتی اور سمجھتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 41 ایسے ممالک ہیں جہاں فرانسیسی زبان بولنے والے ایک بڑی لسانی اقلیت ہیں (ان ملکوں میں افریقہ میں فرانس کی سابق کالونیوں کے پڑوسی ممالک – بشمول نائجیریا - اور اسرائیل بھی شامل ہیں جہا ں فرانسیسی نژاد یہودیوں کی بڑی تعداد آباد ہے)۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں فرانسیسی زبان بولنے والوں کی تعداد 23 کروڑ ہے جن میں سے 13 کروڑ افراد کی مادری زبان فرانسیسی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں اتنی بڑی تعداد میں فرانسیسی زبان بولنے والوں کی موجودگی ایسے شاندار معاشی مواقع فراہم کرسکتی ہے جن سے اب تک مکمل طور پہ فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا ہے۔

رپورٹ میں ایک تحقیق کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس کے مطابق یکساں زبان بولنے والے ممالک مختلف زبانیں بولنے والے ملکوں کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ 65 فی صد زیادہ تجارت اور کاروبار کرتے ہیں۔

اٹالی نے اپنی رپورٹ میں فرانسیسی زبان کے فروغ کے لیے تعلیم اور صنعت کے میدانوں میں مختلف اقدامات تجویز کیے ہیں جن کو اختیار کرنے کی صورت میں، ان کے بقول، فرانسیسی زبان بولنے والوں کی تعداد 2050ء تک 23 کروڑ کی موجودہ تعداد سے 77 کروڑ تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG