رسائی کے لنکس

پاکستان میں ’ڈیڑھ عشقیہ‘ کا جنون، رات ڈیڑھ بجے بھی ہاؤس فُل


فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ کا پہلا شو جمعہ کی رات ڈیڑھ بجے دکھایا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی ’ہاوٴس فل‘ تھا۔

مادھوری کے شاہانہ ناز وانداز اور نصیر الدّین شاہ کے لکھنوی اسٹائل سے سجی فلم ’ڈیڑھ عشقیہ“ پاکستان میں ہٹ ہوگئی ہے۔ 2010ء میں بنی فلم ’عشقیہ‘ کا سیکوئل ’ڈیڑھ عشقیہ‘ دیکھنے کے لئے پاکستانی سنیما ہال رات کے ڈیڑھ بجے بھی کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے۔

’ڈیڑھ عشقیہ‘ گزشتہ جمعہ یعنی 10جنوری کو پاکستان اور بھارت، دونوں ممالک میں ایک ساتھ ریلیز ہوئی تھی۔ پاکستان میں اس فلم کے ڈسٹری بیو شن رائٹس ’جیو فلمز‘ کے پاس ہیں۔

ادارے کے ایک عہدیدار رحمت فاضلی نے انڈو ایشین نیوز ایجنسی کو بتایا، ’ہمیں فلم کے پرنٹ جمعہ کی دوپہرکو ملے جبکہ سنسر بورڈ نے شام سات بجے سرٹیفیکیٹ جاری کیا۔حد تو یہ تھی کہ سینما مالکان کو بھی فلم ریلیز ہونے کا یقین نہیں تھا، اس لئے انہوں نے سنیما ہالز پر پوسٹرز بھی نہیں لگائے تھے۔ اس کے باوجود ’ڈیڑھ عشقیہ‘ کا پہلا شو رات ڈیڑھ بجے دکھایا گیا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی ’ہاؤس فل‘ تھا۔

فاضلی کا مزید کہنا ہے کہ، ’ویک اینڈ پر ملٹی پلیکسز میں رات اور دن کے تمام شوز فل تھے۔ سنگل اسکرین سمیت ’ڈیڑھ عشقیہ‘ 35 اسکرینز پر دکھائی جا رہی ہے‘۔

بھارتی ٹی وی سی این این، آئی بی این کے مطابق وشال بھرد واج کے ساتھ مل کر }ڈیڑھ عشقیہ‘ کو پروڈیوز کرنے والے ہیرین گڑا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈیڑھ عشقیہ کو ملنے والا رسپونس بہت زبردست ہے۔ لوگ رات دیر گئے بھی فلم دیکھنے تھیٹرز آ رہے ہیں۔ ابھی فلم کے کلیکشنز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم امید ہے فلم پاکستان میں بہت اچھا بزنس کرے گی۔

’ڈیڑھ عشقیہ‘ کی کہانی میں بہت سے اتار چڑھاؤ ہیں۔ کامیڈی کے ساتھ ساتھ اُردو بھی خالص استعمال ہوئی ہے۔ ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فلم ہٹ ہونے کی یہ وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔

فلم ’عشقیہ‘ کی طرح ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں بھی نصیرالدین شاہ او ر ارشد وارثی کاسٹ کا حصہ ہیں تاہم اس بار ودیا بالن کی جگہ مادھوری ڈکشت شامل ہیں جبکہ ہُما قریشی بھی فلم میں اپنے فن کے جوہر دکھا رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG