رسائی کے لنکس

امریکہ: وسطی اور شمال مشرقی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں


امریکہ کے بعض علاقوں میں کرسمس کے بعد شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے بے گھر افراد کی مدد کرنے والے سرگرم کارکن انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے سرگرداں ہیں اور دوسری طرف حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے معمر ہمسایوں کی ان مشکل حالات میں مدد کریں۔

امریکہ کے وسطی اور شمال مشرقی علاقوں کے مکینوں کو شدید سرد ہواؤں کا سامنا ہے اور بعض علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔

دوسری طرف امریکہ کے شمال مغربی اور شمالی پہاڑی علاقوں میں شدید طوفان آ سکتا ہے جس کے بارے مں پیشگوئی کی گئی ہے کہ اس کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفبار ی ہو سکتی ہے۔

قومی موسمیاتی سروس کے عہدیداروں کا کہنا ہے سردی کی کیفیت اختتام ہفتہ اور اس کے بعد تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شدید سرد موسم اور برفباری ٹریفک حادثات کا بھی باعث بن رہی ہے جن میں کئی افراد زخمی ہوچکے جبکہ اب تک ایک شخص کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

حکام نے ملک کے کئی علاقوں میں شدید سرد موسم کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے پالتو جانور رکھنے والے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جانوروں کو گھروں کے اندر رکھیں یا کم ازکم اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے رہنے کے جگہیں گرم ہوں۔

امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفباری اور سرد طوفانی ہواؤں کی وجہ سے حکام نے کئی ایک مقامات پر انتباہی مراکز بھی قائم کیے ہیں تاکہ لوگوں کو موسم کی صورت حال سے آگاہ رکھا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG