رسائی کے لنکس

دپیکا تیزاب سے جھلسے چہرے والی لڑکی کے روپ میں


بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈکون فلم 'چھپاک' میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار میں انہیں تیزاب سے جھلس ایک لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ایک لڑکی 'لکشمی اگروال ' کی حقیقی زندگی میں پیش آنے والے واقعے پر مبنی ہے جو دارالحکومت نئی دہلی میں رہتی ہے۔

ٹریڈ اینالسٹ رمیش بالا کے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے فلم کی 'فرسٹ لک 'یعنی 'پہلی تصویری جھلک' منظر عام پر آ گئی ہے۔

ان دنوں یہ سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہے۔ سوشل میڈیا دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فرسٹ لک کو دیکھ کر فلم بین اور خاص کر دپیکا کے فینز حیران ہو گئے ہیں۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق تصویر میں آئینے سے جھانکتی دپیکا کی آنکھوں میں کچھ کر دکھانے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی چاہ کو صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

'چھپاک' کی ہیروئن دپیکا ہیں، اس کے علاوہ یہ ان کی پہلی ہوم پروڈکشن بھی ہے جس کی ڈائریکٹر بھارت کے نامور نغمہ نگار گلزار کی بیٹی میگھنا گلزار ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لکشی اگروال پر 2005ء میں تیزاب پھینکا گیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 15سال تھی۔ ان پر تیزاب پھینکنے والا شخص ان کا ایک واقف کار تھا جس کی عمر 32 سال تھی۔

وہ لکشمی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لکشمی اس رشتے پر راضی نہیں ہوئی اور شادی سے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں لکشمی پر تیزاب پھینک کر اس کا چہرہ جھلسا دیا گیا۔

فلم 'چھپاک ' مختلف تنازعات کے حوالے سے اپنی پہچان رکھنے والی فلم 'پدماوت' کے بعد دپیکا کی پہلی فلم ہو گی۔

XS
SM
MD
LG