رسائی کے لنکس

بھارت: ہیٹ ویو کے سبب اڑتے ہوئے پرندے زمین پر گرنے لگے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جس سے انسانوں کے ساتھ ساتھ فضا میں اڑنے والے پرندے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں ان دنوں رضا کار روزانہ ان درجنوں پرندوں کو زمین سے اٹھا اٹھا کر اسپتال لا رہے ہیں جو جھلسا دینے والی گرمی اور پانی کی کمی کے سبب ہلکان ہو کر اڑنے کے قابل نہیں رہتے۔

گجرات میں جانوروں اور پرندوں کے ڈاکٹر اور دیگر رضا کاروں کا کہنا ہے کہ ریاست کے سب سے بڑے شہر احمد آباد کے اردگرد پانی کے بیشتر ذخائر خشک ہو گئے ہیں جس سے پرندوں کو پانی کی تلاش کے لیے مسلسل پرواز ہلکان کر دیتی ہے۔ بلندی پر پرواز کے دوران شدید گرمی کے سبب وہ بے سدھ ہو کر زمین پر گر جاتے ہیں۔

جنوبی ایشیا میں حالیہ برسوں میں گرمی کے موسم کے آغاز سے ہی اس کی زیادہ شدت محسوس ہو رہی ہے اور ایسے موسم میں پانی کے بڑے ذخائر تیزی سے خشک ہو رہے ہیں۔ شدید گرم موسم کے سبب بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ ایسے موسم میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے یا آتش زدگی کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک غیر سرکاری تنظیم ’جیو دیا چیرٹیبل ٹرسٹ‘ کے زیر انتظام چلنے والے جانوروں اور پرندوں کے اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ کچھ ہفتوں میں گرمی سے متاثر ہونے والے ہزاروں پرندوں کا علاج کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رضا کار روزانہ کئی درجن کبوتر، چیلیں یا ایسے پرندے علاج کے لیے اسپتال لا رہے ہیں جو زیادہ بلندی پر پرواز کرتے ہیں۔

جانوروں اور پرندوں کے سلسلے میں اس ٹرسٹ کے ساتھ کام کرنے والے منوج بھاؤسر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ گرمی کے اعتبار سے موجودہ سال حالیہ عرصے میں ایک بدترین برس ثابت ہو رہا ہے۔

بھارت میں عمومی طور پر موسمِ گرما میں پرندوں کی جتنی تعداد کو طبی امداد فراہم کی جاتی ہے اس میں 10 فی صد اضافہ ہو چکا ہے۔

ٹرسٹ کے زیرِ انتظام اسپتال میں ڈاکٹر طبی امداد کے لیے لائے جانے والے پرندوں کو ملٹی وٹامن دے رہے ہیں تاکہ ان کی حالت بہتر ہو سکے جب کہ بعض پرندوں کو سرنجز کے ذریعے پانی پلایا جا رہا ہے۔

بدھ کو بھی یہ صورتِ حال برقرار رہی اور بڑی تعداد میں پرندے اسپتال لائے گئے۔

گجرات میں محکمۂ صحت کے حکام نے اسپتالوں کو گرمی میں اضافے اور ہیٹ ویو کے سبب خصوصی وارڈ بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ گرمی سے متاثر ہونے والے افراد کو ہنگامی طبی امداد دی جا سکے۔

(اس رپورٹ میں مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG