رسائی کے لنکس

خراب موسم کےباعث صدر اوباما کے خطاب کے مقام میں تبدیلی


 ڈیموکریٹک کنوینشن
ڈیموکریٹک کنوینشن
عہدے داروں نےفیصلہ کیا ہے کہ خراب موسم کےپیش ِنظر صدر براک اوباما ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن سےاپنا خطاب اب ہال کے اندر کریں گے، جوپارٹی کی طرف سےاُنھیں دوسری میعاد کے لیے نامزدگی کی پیش کش کوقبول کرنے پر مشتمل ہوگا۔ یہ اُسی طرح کا مسئلہ ہے جو گذشتہ ہفتے ریپبلیکن پارٹی کو درپیش تھا۔
کنویشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما اپنا خطاب جمعرات کو’ٹائم وارنر کیبل ایرینا‘ کے بند ہال سے کریں گے، کیونکہ شمالی کیرولینا کےمقام شارلیٹ میں سخت طوفانی برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس سے قبل وہ اپنا خطاب بینک آف امریکہ کے کھلے وسیع اسٹیڈیم میں کرنے والے تھے۔

ایک بیان میں کنوینشن کے منتظم اسٹیو کیریگان نے کہا ہے کہ وہ اُن 65000 افراد کی مایوسی کو محسوس کر سکتے ہیں جواسٹیڈیم میں ہونے والی تقریر سننے کے لیے شرکت کےخواہشمند تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما بدھ کو ہونے والی کانفرنس کال کے ذریعے اِیسے حضرات سے مخاطب ہوں گے۔

گذشتہ ہفتے ریپبلیکن نیشنل کنوینشن کے منتظمین نے فلوریڈا کے مقام ٹمپا میں پہلی دِن کی تقریبات کو دوسرے مقام منتقل کردیا تھا، ایسے میں جب سمندری طوفان آئزک کا رُخ امریکہ کے خلیجی ساحل کی طرف تھا۔

دریں اثنا، سابق امریکی صدر بِل کلنٹن بدھ کے روز ڈیموکریٹک کنوینش سے خطاب کرنے والے ہیں ، جس کے باعث مسٹر اوباما کی صدارتی مہم زور پکڑ نے کی توقع ہے۔

بیالیسویں امریکی صدر، مسٹر کلنٹن ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کی جانے والی تقریر میں 44ویں صدر کی باقاعدہ نامزدگی کا اعلان کریں گے۔

سنہ 2008میں جب سابق صدر کی بیوی ہلری کلنٹن کومسٹر اوباما کے ہاتھوں صدارتی نامزدگی کے حصول میں ناکامی ہوئی، تب سے ڈیموکریٹک پارٹی کے دونوں صدور کے تعلقات میں قربت بڑھی ہے۔

سنہ1990کی دہائی میں مسٹر کلنٹن دو بار صدر رہے جس دوران حاصل ہونے والی معاشی خوشحالی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے متعدد امریکی اُن کے معترف ہیں، اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اُن کی حمایت کے نتیجے میں مسٹر اوباما کو بڑی عمر کے سفید فام امریکی ورکرزکی حمایت حاصل ہو سکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG