رسائی کے لنکس

logo-print

حسب سابق سینڈرس نے ہلری کو 2002ء میں کانگریس میں عراق کی جنگ کے حق میں دیے گئے ووٹ پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہلری کلنٹن نے ہفتہ کو اپنی جماعت کے مباحثے کے آغاز ان الفاظ سے کیا کہ شدت پسند گروپ داعش "باقی نہیں رہ سکتا، اسے ہر صورت شکست دینا ہوگی۔"

ریاست آئیوا میں ابتدائی مباحثے میں قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر زیادہ توجہ رہی کیونکہ یہ مباحثہ پیرس میں ہونے والے ہلاکت خیز حملوں کے ایک روز بعد منعقد ہوا ہے۔

فورم کے آغاز پر پیرس میں ہوئے دہشت گرد حملوں میں 129 افراد کی مور اور درجنوں کے زخمی ہونے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکہ کو "اس عزم کی ضرورت ہے جو پوری دنیا کو اس انتہا پسند جہادی نظریے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد کرے جو داعش جیسے گروپوں کو متحرک کرتا ہے۔"

"یہ ایک امریکی جنگ نہیں ہو سکتی، گوکہ امریکہ کی قیادت کلیدی ہے۔۔۔امریکہ مسلمانوں کے ساتھ جنگ میں نہیں، ہماری جنگ پرتشدد انتہا پسندوں کے ساتھ ہے۔"

اپنے ابتدائیہ میں سینڈرس کا کہنا تھا کہ وہ "پیرس حملوں پر غمزدہ ہیں"، اور انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "امریکہ وحشی تنظیم داعش کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔"

حسب سابق سینڈرس نے ہلری کو 2002ء میں کانگریس میں عراق کی جنگ کے حق میں دیے گئے ووٹ پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

"میں عراق میں تباہ کن مداخلت پر بحث کروں گا یہ ایسا قدم تھا جس کی میں نے سختی سے مخالفت کی تھی اور اس نے پورے خطے کو الجھا دیا، القاعدہ اور داعش کو پروان چڑھایا۔"

مباحثے میں میری لینڈ کے سابق گورنر مارٹن او مالی بھی شریک تھے جو پوائنٹس کے اعتبار سے حالیہ رائے عامہ کے جائزوں میں ہلری اور سینڈرس سے پیچھے ہیں۔

او مالی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو "نئی سوچ" اور "نئی قیادت" کی ضرورت ہے جو سلامتی کو درپیش داعش جیسے خطرے سے نمٹ سکے۔

انھوں نے مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں سے آنے والے پناہ گزینوں کی مزید تعداد کو قبول کرنے کے امریکی فیصلے کی حمایت کی۔

"میں وہ پہلا شخص ہوں جو یہ کہے گا کہ ہمیں داعش کے خطرے سے فرار ہونے والے 65 ہزار پناہ گزینوں کو قبول کرنا چاہیے، اور میرا خیال ہے کہ اس عمل کو مناسب جانچ پڑتال کے ساتھ ہونا چاہیے۔"

انھوں نے کہا کہ دنیا کی قیادت کرنے کے لیے "ڈرون حملے کی دوسری طرف ہونے کی بجائے" اور بھی بہت سے طریقے ہیں۔

XS
SM
MD
LG