رسائی کے لنکس

کین امریکہ کے لیے مختلف تصور کے حامل ہیں: ہلری کلنٹن


ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پیر سے فلاڈیلفیا میں شروع ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن امریکہ کو عظیم بنانے کی طرف سفر پر زور دے گا

امریکہ کی ڈیموکریٹک جماعت کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن اور ورجینیا سے سینیٹر ٹم کین پہلی مرتبہ ہفتہ کو ایک ساتھ انتخابی مہم میں شریک ہوئے جس میں انھوں نے امید اور روشن مستقبل کا پیغام دیا۔

فلوریڈا میں خوشی سے پرجوش حامیوں کے سامنے کلنٹن نے یہ کہہ کر کین کا تعارف کروایا کہ نائب صدر کے لیے ان کا انتخاب امریکہ کے لیے ایک "مختلف تصور" پیش کرے گا۔

"سینیٹر ٹم کین وہ سب کچھ ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ اور مائیک پینس نہیں ہیں۔ وہ پہلے ہی دن سے اپنا کام کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں، اور وہ ایسے ترقی پسند ہیں جو کارگزاری کو پسند کرتے ہیں۔"

ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو کسی مہم میں حصہ نہیں لیا لیکن ٹوئٹر پر مختلف بیانات دے کر خاص طور پر اقتصادی معاملات کے تناظر میں انھوں نے ڈیموکریٹس کو نشانہ بنایا۔

ٹرمپ نے بین البحرالکال تجارتی معاہدے کا حامی ہونے پر کین کو "ملازمت کش" کا خطاب دیا۔

جمعہ کو ہی ہلری کلنٹن نے کین کو بطور نائب صدر امیدوار نامزد کیا تھا۔

صدر براک اوباما نے کین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ "وہ ایک سچے ترقی پسند ہیں۔" ایک تقریب سے خطاب میں صدر کا کہنا تھا کہ کین کے بارے میں "بری بات کہنے والا آپ کو کوئی نہیں ملے گا۔"

ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پیر سے فلاڈیلفیا میں شروع ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن امریکہ کو عظیم بنانے کی طرف سفر پر زور دے گا اور ان کے بقول کین اقلیتوں اور غیرمراعات یافتہ طبقے کے لیے آواز بلند کرنے والی شخصیت ہیں۔

دونوں نے میامی میں فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ یہ بہت سے ہسپانوی افراد بھی موجود تھے جن سے کین اسپینش میں مخاطب ہوئے۔

کین کا کہنا تھا کہ ہم اس "آنے والے معرکے میں یکجان ہوں گے۔"

XS
SM
MD
LG