رسائی کے لنکس

ڈینگی فیور کی وباء نے سندھ کا رخ کر لیا ، مزید 26 مریض سامنے آگئے


ڈینگی فیور کی وباء نے سندھ کا رخ کر لیا ، مزید 26 مریض سامنے آگئے
ڈینگی فیور کی وباء نے سندھ کا رخ کر لیا ، مزید 26 مریض سامنے آگئے

پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ کے بعد اب ایسا لگتا ہے کہ ڈینگی وائرس نے سندھ کا رخ کر لیاہے۔صوبہ سندھ میں پیر کو مزید 26 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 445 ہو گئی ہے۔ اب تک کراچی میں پانچ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔دوسری جانب انتظامیہ ، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے تحت ڈینگی وائرس کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پیر کو سیمیناراور واک کا اہتمام کیا گیا ۔

حکومت سندھ کی جانب سے قائم نگراں سیل کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کو سندھ میں 55 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے 50 کا تعلق کراچی سے تھا جبکہ چار حیدرآباد اور ایک سانگھڑ کا مریض سامنے آیا۔ ان مریضوں میں سے 26 میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔

سندھ میں پیر تک مجموعی طور پر 445 میں سے 371 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں تصدیق شدہ 316 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے ۔اس سے قبل چودہ ، نو ، پندرہ ، اٹھارہ اور چوبیس ستمبر کو کراچی سے تعلق رکھنے والے پانچ مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔

دوسری جانب انتظامیہ ، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے تحت شہر میں ڈینگی وائرس سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس حوالے سے سوک سینٹر میں کلینکل مینجمنٹ آف ڈینگی فیور کے موضوع پر منعقدہ سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ایڈمنسٹریٹر و ڈی سی او کراچی محمد حسین سید نے آگاہ کیا کہ حکومت سوئمنگ پولز کی بندش کے لئے دفعہ 144کا نفاذ کر چکی ہے لہذا کلبس اور ہوٹل مالکان سوئمنگ پول بند کر دیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں اس مرض میں اضافہ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہذا عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ سٹی گورنمنٹ کا عملہ روزانہ 2 ٹاؤنز میں 57 گاڑیوں کی مدد سے اسپرے کررہا ہے اور ان میں استعمال کی جانے والی دواؤں کے معیار کو PCSIR سے تصدیق بھی کرائی گئی ہے۔ اسکولوں، کالجز، اسپتالوں اور مساجد کے اطراف اسپرے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG