رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ نااہل اور ناکارہ لیڈر ہیں، برطانوی سفیر


واشنگٹن میں برطانوی سفیر کم ڈیروچ (فائل فوٹو)
واشنگٹن میں برطانوی سفیر کم ڈیروچ (فائل فوٹو)

ویب ڈیسک۔ امریکا میں برطانیہ کے سفیر کم ڈیروچ کے خفیہ سفارتی خط منظر عام پر آئے ہیں جن میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل شخص قرار دیا ہے۔

برطانیہ کے اخبار ’ڈیلی میل‘ میں شائع ہونے والے ان خفیہ سفارتی مراسلوں میں برطانوی سفیر نے صدر ٹرمپ کو نااہل اور ناکارہ لیڈر قرار دیا ہے۔

سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان خفیہ مراسلوں کے منظر عام پر آنے سے امریکا اور اس کے قریب ترین اتحادی ملک برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات میں سفارتی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اخبار کے مطابق، برطانوی سفیر نے اپنے سفارتی مراسلوں میں برطانوی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا کیریئر ذلت اور رسوائی کے انداز میں ختم ہو سکتا ہے۔ مراسلوں میں وائٹ ہاؤس میں رونما ہونے والی صورت حال کو ’’چھریوں کی لڑائی‘‘ سے تعبیر کیا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق یہ سفارتی مراسلے 2017 سے اب تک کے دوران برطانوی دفتر خارجہ کو بھیجے گئے جن میں صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی سے لیکر 2020 کے صدارتی انتخاب سے متعلق ان کے منصوبے کا احاطہ کیا گیا ہے۔

22 جون کو لکھے گئے مراسلے کا حوالہ دیتے ہوئے اخبار لکھتا ہے کہ برطانوی سفیر ڈیروچ نے صدر ٹرمپ کی طرف سے ایران پر ہوائی حملہ کرنے کے اعلان اور اس کے فوراً بعد اپنا ارادہ بدلنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنا ارادہ اس لیے بدلا کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ اس بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 150 ایرانی شہریوں کی جانیں ضائع ہو نے کا خدشہ ہے۔

ان خفیہ سفارتی مراسلوں کے لیک ہونے کے بارے میں امریکی حکومت یا وائٹ ہاؤس کی طرف سے کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔

یہ سفارتی مراسلے ایسے وقت میں لیک ہوئے جب برطانیہ کے سیاسی میدان میں خاصی ہلچل پائی جاتی ہے اور حکمران قدامت پسند جماعت تھیریسا مے کی جگہ نئے وزیر اعظم کا انتخاب کرنے میں مصروف ہے۔

XS
SM
MD
LG