رسائی کے لنکس

فلم 'ڈیتھ آن دی نیل' کی ریلیز بھی ملتوی، سنیما بحالی کی کوششیں متاثر


کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث مشکلات کی شکار ہالی وڈ فلم انڈسٹری کی دسمبر میں ریلیز ہونے والی ایک اور فلم 'ڈیتھ آن دی نیل' کی نمائش بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔

عمومی طور پر دسمبر میں کئی مغربی ممالک میں کرسمس کی تعطیلات ہوتی ہیں اس لیے اس سیزن میں ہر ہفتے میگا بجٹ اور میگا کاسٹ والی فلمیں ریلیز کی جاتی ہے۔ حتیٰ کہ جن فلموں کو سال بھر نمائش کی تاریخ نہیں ملتی وہ بھی چھٹیوں کے سیزن میں نمائش کے لیے پیش کر دی جاتی ہیں۔ مگر اس بار وبا نے تمام معاملات درہم برہم کر دیے ہیں۔

کرونا وائرس کی وجہ سے ہی ڈزنی نے اپنی فلم 'ڈیتھ آن دی نیل' کی چھٹیوں کے سیزن میں ریلیز ملتوی کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'ڈیتھ آن دی نیل' کی ریلیز میں تاخیر سے سینما انڈسٹری کی بحالی کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔

'والٹ ڈزنی' کمپنی کا کہنا ہے کہ اگاتھا کرسٹی کے ناول پر مبنی ایڈونچر فلم 'ڈیتھ آن دی نیل' کی نمائش غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کی گئی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں گیل گیڈوٹ، کینتھ براناگ اور آرمی ہیمر کے علاوہ بالی وڈ اداکار علی فضل بھی شامل ہیں۔ علی فضل کی حالیہ دنوں میں بھارت میں ویب سیریز 'مرزا پور- ٹو' ریلیز ہوئی ہے جس کو کافی پذیرائی ملی ہے۔

فلم کی کہانی دریائے نیل میں ایک بحری جہاز میں ہونے والے قتل اور اس کی تحقیقات کرنے والے جاسوس کے گرد گھومتی ہے۔

فلم 'ڈیتھ آن دی نیل' کو شمالی امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں 18 دسمبر کو ریلیز کیا جانا تھا۔

ڈزنی کی جو فلم رواں سال ریلیز ہونا باقی ہے وہ 'نومیڈلینڈ' ہے۔ فلم کی کہانی کساد بازاری میں اپنا سب کچھ کھو دینے والی ایک خاتون کے گرد گھومتی ہے۔

وارنر برادرز کی 'ونڈر وومن 1984' اب ہالی وڈ کی وہ آخری ممکنہ بلاک بسٹر رہ گئی ہے جس کا 2020 میں ریلیز ہونے کا امکان باقی ہے۔ فلم کی ریلیز 25 دسمبر کو متوقع ہے۔

ہالی وڈ اسٹوڈیوز پہلے ہی جیمزبانڈ کی نئی فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' اور ایکشن فلم 'بلیک وِڈو' سمیت متعدد فلموں کی ریلیز 2021 تک ملتوی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG