رسائی کے لنکس

عمران خان اور ریحام خان میں 'طلاق'


ریحام خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیٹر‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ’’ہم نے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘‘ اور طلاق کی درخواست دے دی ہے۔

پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان نے طلاق کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے ترجمان نعیم الحق نے جمعہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں طلاق کے فیصلے کی تصدیق کی۔

’’عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دے دی ہے، یہ دونوں کی (باہمی) رضامندی سے ہوئی ہے۔ عمران خان نے درخواست کی ہے کہ یہ ایک تکلیف دہ اور حساس معاملہ ہے اس لیے اس بارے میں قیاس آرائیاں نا کی جائیں‘‘۔

ریحام خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ٹوئیٹر‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ’’ہم نے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے‘‘ اور طلاق کی درخواست دے دی ہے۔

عمران خان نے بھی ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وہ ریحام کے کردار اور محروم طبقوں کے لیے کام کرنے کے اُن کے عزم کا احترام کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’’یہ میرے، ریحام اور ہم دونوں کے خاندانوں کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہماری نجی زندگی کا احترام کریں۔‘‘

عمران خان اور ریحام خان کے درمیان شادی رواں سال آٹھ جنوری کو ہوئی تھی اور یہ بندھن تقریباً 10 ماہ تک برقرار رہا۔

ریحام اور عمران خان دونوں کی ہی یہ دوسری شادی تھی۔ 62 سالہ عمران خان اور اُن کی پہلی بیوی جمائما خان کے درمیان تقریباً 11 سال قبل طلاق ہو گئی تھی۔

پہلی شادی سے عمران خان کے دو بیٹے ہیں۔

واضح رہے کہ 41 سالہ ریحام خان کی پہلی شادی سے بھی طلاق ہو چکی تھی اور پہلے شوہر سے ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

ریحام خان ایک خاتون صحافی ہیں تاہم عمران خان سے شادی کے بعد اُنھوں نے تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیا۔

اطلاعات کے مطابق ریحام خان رواں ہفتے ہی لندن روانہ ہو گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG