رسائی کے لنکس

آسٹریلین فیڈرل کورٹ نے جوکووچ کی ویزا بحالی کی اپیل مسترد کر دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ نے سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا منسوخی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی ہے۔ جس کے بعد اُن کے آسٹریلین اوپن کھیلنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیر برائے امیگریشن نے جمعے کو جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا تھا جس کے خلاف اُنہوں نے وفاقی عدالت میں اپیل دائر کی تھی جسے فیڈرل کورٹ کے تین ججز نے مسترد کر دیا۔

آسٹریلوی وزیر نے مفادِ عامہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے غیر معمولی اختیارات کا استعمال کر کے جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا تھا۔

اتوار کو سامنے آنے والے فیصلے کے بعد کرونا ویکسین نہ لگوانے والے جوکووچ کو ملک بدری سے قبل میلبرن کے حراستی مرکز میں ہی رکھا جائے گا۔

آسٹریلوی قوانین کے مطابق ملک بدری کی صورت میں کسی بھی فرد کے دوبارہ ملک میں داخلے پر تین برس کی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

آسٹریلوی وزیر نے جمعے کو جوکووچ کا ویزا اس بنیاد پر منسوخ کر دیا تھا کہ اُن کی آسٹریلیا میں موجودگی شہریوں کی صحت کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔

عدالتی فیصلے کے بعد ایک بیان میں جوکووچ نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں اور ملک سے جانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلین اوپن کا حصہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور مداحوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

جوکووچ سال 2022 کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے پانچ جنوری کو میلبرن پہنچے تھے۔ جہاں آسٹریلوی بارڈر فورس نے کرونا ویکسین نہ لگوائے جانے کی وجہ سے ان کا ویزہ منسوخ کر دیا تھا۔

بعدازاں آسٹریلوی حکام نے ٹینس اسٹار کو میلبرن کے ایک ہوٹل میں 30 روز کے لیے قرنطینہ کر لیا تھا۔ آسٹریلوی حکام کے اقدام کو مہمان کھلاڑی کو حراست میں لینے سے تشبیہ دی جا رہی تھی۔

​جوکووچ نے ویزہ منسوخی کے عمل کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ ٹینس اسٹار نے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں ویکسین لگوانے کے ثبوت دینے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ان کے بقول وہ گزشتہ ماہ ہی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور اس حوالے سے ان کے پاس شواہد موجود ہیں۔

آسٹریلوی میڈیکل حکام کا مؤقف تھا کہ ویکسین قواعد سے عارضی طور پر استثنیٰ صرف ان افراد کو دیا گیا ہے جو گزشتہ چھ ماہ کے دوران کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ جوکووچ اب تک مجموعی طور پر 20 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں جن میں نو آسٹریلین اوپن، چھ ومبلڈن، تین یو ایس اوپن اور دو فرینچ اوپن ٹائٹل شامل ہیں۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG