رسائی کے لنکس

اعلیٰ سطحی اجلاس، پولیس میں 20000 نئی بھرتیوں کا فیصلہ


چوہدری نثار نے بتایا ہے کہ اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور سیاسی قیادت کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے، جن کی رو سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے خلاف قومی بیان جاری کیا جائے گا

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا، جب کہ پولیس میں 20 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی، جن میں 2000 سابق فوجی ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار چوہدری نثار علی نے کراچی کے ایک روزہ دورے کے بعد پیر کو اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔

پریس بریفنگ کا مقصد دورہ کراچی کے دوران امن و امان سے متعلق اہم اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور سیاسی قیادت کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئےجن کی رو سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے خلاف قومی بیان جاری کیا جائے گا۔

چوہدری نثار نے بتایا کہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ کراچی کو بھی اسلام آباد کی طرز پر 'سیف سٹی پراجیکٹ' کے تحت کیمروں سے لیس کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف نفسیاتی جنگ جیتنے کے لئے علمائے کرام کو بھی متحرک کیا جائے گا، جبکہ سندھ پولیس میں 20 ہزار بھرتیوں کے لئے پاک فوج معاونت کرے گی تاکہ بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں چلنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی یکساں رجسٹریشن کے لیے وفاقی رجسٹریشن اتھارٹی قائم کی جائےگی۔

چوہدری نثار نے یقین دلایا کہ امجد صابری کے قاتلوں کا جلد سراغ لگایا جائے گا جبکہ چیف جسٹس سندھ کے بیٹے کو بھی بازیاب کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چیلنج کے طور پر لیا ہے۔

وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار کلیدی ہے۔ سیکورٹی فورسز کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں بھتہ خوری، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے، دہشت گردوں کے گرد زمین تنگ ہوئی تو، انہوں نے ''ہائی ویلیو سافٹ ٹارگٹس'' کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ''قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ ہم ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں ہم اور ہماری فورسز تو سامنے ہیں، لیکن دشمن آبادیوں میں چھپا ہوا ہے۔ ہمیں دہشت گردوں کے خلاف یکجا اور ثابت قدم ہونا پڑے گا۔''

XS
SM
MD
LG