رسائی کے لنکس

بے گھر کتے کو ساڑھے پانچ سال بعد گھر مل گیا


Merrick the Dog
Merrick the Dog

امریکہ میں ساڑھے پانچ سال سے ایک شیلٹر ہوم میں موجود کتے کو گھر مل گیا ہے۔ کینساس سٹی کے چھ سالہ میرک کو ایک جوڑے نے گود لے لیا ہے اور وہ اپنے نئے گھر میں بہت خوش ہے۔

امریکہ میں پالتو کتوں کی تعداد 9 کروڑ ہے اور آوارہ کتے بہت کم ہیں۔ جو لوگ کسی وجہ سے اپنے کتے کو گھر سے نکالنا چاہتے ہیں، وہ انھیں شیلٹر ہوم پہنچا دیتے ہیں۔ کتے پالنے کے خواہش مند وہاں آکر اپنی پسند کے جانور لے جاتے ہیں۔

بے گھر جانوروں کے لیے نئے مالک تلاش کرنے والی تنظیمیں ان کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرتی ہیں، تاکہ انھیں دیکھ کر لوگ پالنے کے لیے آئیں۔ لیکن ساڑھے پانچ سال تک کوئی میرک کو لینے نہیں آیا۔ اس دوران اس کی درجنوں تصاویر اور ویڈیو بنائی گئی اور شیلٹر ہوم کے رکھوالے ہر آنے جانے والے کو اس کے بارے میں بتاتے رہے۔

ایک مسئلہ یہ تھا کہ میرک کا قد کاٹھ بہت بڑا ہے اور وہ ایسے گھر میں پالا جا سکتا تھا جہاں بچے نہ ہوں۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق، ایک کلاتھ کمپنی کے مالک کو میرک کی کہانی معلوم ہوئی تو اس نے شیلٹر ہوم کو تین ہزار ڈالر دیے، تاکہ وہ میرک کی تصویر کے ساتھ ایک بل بورڈ پر اشتہار دیں۔

وہ اشہار جورڈن نسبوم نے دیکھا اور اپنی گرل فرینڈ سے مشورے کے بعد میرک کو گھر لے آئے۔ اس سے پہلے شیلٹر کے عملے نے میرک کے لیے الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا۔

نسبوم نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ میرک نئے گھر میں بہت خوش ہے اور اس نے ایک ہم جنس پڑوسن سے دوستی بھی کرلی ہے۔

XS
SM
MD
LG