اطالوی فیشن ہاؤس 'ڈولچے اینڈ گبانا' نے پہلی بار اپنے سگنیچر ملبوسات کے کلیکشن سے ہٹ کر عرب دنیا کی خواتین کے روایتی ملبوسات پر مشتعمل ایک نئی فیشن لائن متعارف کرائی ہے۔
بین الاقوامی فیشن برانڈ ڈولچے اینڈ گبانا نے اس ہفتے باضابطہ طور پر 'اسٹائل ڈاٹ کام عریبیہ' کی ویب سائٹ پر بیس تصاویر کے ساتھ اپنا پہلا ہائی فیشن عبایا، حجاب اور اسکارف کا نیا کلیکشن لانچ کیا ہے۔
اطالوی فیشن ڈیزائنرز کی جانب سے اس منفرد کلیکشن کو موسم بہار اور موسم گرما 2016 کے فیشن ملبوسات کے طور پر لانچ کیا گیا ہے۔
نئی وضع دار فیشن لائن کو 'عبایا کلیکشن' کا نام دیا گیا ہے، جس میں ڈولچے اینڈ گبانا کے معمول کے ڈیزائن کو تبدیل کرتے ہوئے مشرق وسطی کی خواتین کے لیے خاص طور پر ہلکے پھلکے ڈرامائی ڈیزائن والے خصوصی ملبوسات تیار کیے ہیں ۔
خصوصی کلیکشن فلورل ،ایمبرائیڈری سے مزین سیاہ ،اور خاکستری رنگوں میں دستیاب ہیں،جنھیں جارجیٹ ، ساٹن اور شاموز کے لچکدار کپڑے سے تیار کیا گیا ہے ۔
یہ ڈیزائنرز عبایا اور حجاب گل داؤدی، پولکا ڈاوٹ اور گلاب کے پھولوں کےپرنٹوں میں دستیاب ہے جبکہ کچھ ملبوسات کےلیے اطالوی ریشم اور نفیس لیس کا استعمال کیا گیا ہے ۔
یہ ملبوسات اس ماہ سے مشرق وسطی ،لندن ،پیرس ،میلان اور زیورخ کی منتخب دوکانوں پر دستیاب ہیں ۔
اطالوی فیشن ہاوس کے علاوہ کئی بین الاقوامی فیشن برانڈ بھی اسلامک فیشن انڈسٹری میں قدم رکھ چکی ہیں، جن میں نے ٹومی ہل فیگر، ڈی کے این وائی اور ملبوسات کی ریٹیلر شاپ مینگو کی طرف سے پچھلے سال رمضان کی مناسبت سے مسلمان خواتین کے لیے ملبوسات کی خصوصی رینج متعارف کرایا گیا تھا۔
ڈولچے اینڈ گبانا کا کہنا ہے کہ فیشن ہاؤس اس سے قبل بھی مخصوص علاقوں کے لوگوں کے لیے خصوصی ملبوسات کا کلیکشن لانچ کرتا رہا ہے، جیسا کہ ماسکو کی بوتیک کے لیے ایک خاص کلیکشن تیار کیا گیا تھا اسی طرح پچھلے سال چین اور جاپان کے خریداروں کے لیے بھی ملبوسات کی ایک نئی رینج متعارف کرائی گئی تھی۔