رسائی کے لنکس

عراق: ٹرک بم حملے میں کم از کم 60 افراد ہلاک


عراق کے وسطی شہر الحلۃ میں اتوار کو ہونے والے دھماکے کے بعد کا منظر
عراق کے وسطی شہر الحلۃ میں اتوار کو ہونے والے دھماکے کے بعد کا منظر

حکام کے مطابق دھماکے سے پولیس چوکی، نزدیک ہی واقع ایک تھانہ، درجنوں گاڑیاں اور کئی نزدیکی گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

عراق کے وسطی شہر الحلۃ میں ایک خود کش حملے کےنتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ اتوار کی سہ پہر شہر کے مرکزی داخلی راستے پر قائم ایک پولیس چوکی پر کیا گیا جس میں 70 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ کئی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک ٹرک سوار خود کش حملہ آور نے بارود سے بھرا اپنا آئل ٹینکر پولیس چوکی سے اس وقت ٹکرایاجب وہاں شہر میں داخلے کی منتظر درجنوں گاڑیاں موجود تھیں۔

حکام کے مطابق دھماکے سے پولیس چوکی، نزدیک ہی واقع ایک تھانہ، درجنوں گاڑیاں اور کئی نزدیکی گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

دارالحکومت بغداد سے 115 کلومیٹر جنوب میں واقع الحلۃ شہر عراق کے شیعہ اکثریتی صوبے بابِل کا دارالحکومت ہے ۔

صوبے کی سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ فلاح الرضی نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ اتوار کو ہونے والا حملہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بم دھماکہ ہے۔

ایک مقامی اسپتال کی انتظامیہ نے بھی دھماکے میں 60 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے بیشتر افراد بری طرح جھلسے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG