رسائی کے لنکس

چاڈ میں تین خود کش بم حملوں میں کم ازکم 27 افراد ہلاک


عہدیداروں کے مطابق چاڈ جھیل کے مغربی ساحل کے قریب ایک جزیرے میں یہ دھماکے ایک ہفتہ وار مصروف مارکیٹ میں اس وقت ہوئے جب لوگ خرید و فروخت میں مصروف تھے۔

شمال وسطی افریقہ کے ملک چاڈ میں تین خودکش حملہ آوروں کے حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عہدیداروں کے مطابق ہفتے کو چاڈ جھیل کے مغربی ساحل کے قریب ایک جزیرے میں یہ دھماکے ایک ہفتہ وار مصروف مارکیٹ میں اس وقت ہوئے جب لوگ خرید و فروخت میں مصروف تھے۔ چاڈجھیل نائیجیریا، کیمرون اور نائیجر کی سرحد پر واقع ہے۔

حملہ آوروں کی شناخت نہیں کی گئی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند گروپ بوکوحرام اس علاقے میں حملہ کر چکا ہے۔

اکتوبر کے وسط میں ہوئے دو خود کش حملوں میں 47 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے شدید مذمت کی تھی کیونکہ اس علاقے میں مقیم افراد کی زیادہ تر تعداد مہاجرین ہر مشتمل ہے۔

سرکاری اندازوں کے مطابق چاڈ جھیل کے قریب مقیم اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے اور عہدیداروں نے تمام مکینوں کو محتاط رہنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔

عہدیداروں نے مزید کہا کہ حکومت بوکوحرام کے خلاف فوجی کارروائی شروع کرنے والی ہے۔

حالیہ حملوں کو عسکریت پسندوں کی طرف سے ردعمل کی کارروائی قرار دیا جارہا ہے۔

چاڈ جھیل کے قریب نائیجریا، کیمرون اور چاڈ کے سرحدی علاقوں کو تشدد کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG